دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے امریکی مطالبے کا سعودی کابینہ میں خیر مقدم

منگل 13 جون 2017 15:13

دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے امریکی مطالبے کا سعودی کابینہ میں خیر مقدم
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) سعودی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قطر سے دہشت گردی کی مالی معاونت کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کے مطالبے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا اور سعودی عرب ایک صفحے پر ہیں، سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ خطے میں دیرپا امن واستحکام کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابقسعودی کابینہ کا اجلاس خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں قطر کے سفارتی بائیکاٹ اور امیر کویت الشیخ جابر صباح الاحمد الجابر الصباح، پاکستانی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب فریقین میں مصالحتی کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

۔ اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں ترک صدر طیب اردگان ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جمہوریہ فرانس کے نو منتخب صدر ایمانویل میکرون کی جانب سے ریاض ہونے سے ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں اور خلیجی بحران کے پرامن حل کی کوششوں کو سراہا گیا۔

سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض حکومت، امریکی صدر ٹرمپ کے قطر سے متعلق مطالبے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نے ایک بار پھر قطر سے دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا اور سعودی عرب ایک صفحے پر ہیں۔

سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ خطے میں دیرپا امن واستحکام کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گا۔اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات وثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے سعودی پریس ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں خطے کی تازہ ترین صورت حال اور بین الاقوامی اہمیت کے ایشوز پر غور کیا گیا۔ انہوں نے قطری۔سعودی مشترکہ خاندانوں کی کفالت کے لیے خادم الحرمین الشریفین کی طرف سیاقدامات کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، قطری قوم کو دشمن اور غیر نہیں سمجھتا بلکہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دل میں قطری باشندوں کے لیے محبت واحترام کے جذبات موجود ہیں۔