رانا ثناء اللہ ،دانیال عزیز، طلال چوہدری اور عابد شیر علی کو وزیراعظم لگام دیں‘ شعیب صدیقی

سپریم کورٹ کی جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد ملک میںتبدیلی کاعمل شروع ہوگا‘‘ایم پی اے تحریک انصاف

منگل 13 جون 2017 18:51

رانا ثناء اللہ ،دانیال عزیز، طلال چوہدری اور عابد شیر علی کو وزیراعظم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شعیب صدیقی نے کہاہے کہ راناثناء اللہ، دانیال عزیز ، طلال چوہدری اورعابد شیر علی کو وزیراعظم لگا م دے کر رکھیں، سپریم کورٹ کی بنائی ہوئی جے آئی ٹی کو متنازعہ بنا کر ملک کے کرپٹ ترین وزیراعظم نوازشریف کو احتساب سے نہیں بچا سکتے۔انہوں نے کہاکہ پہلی دفعہ منتخب وزیراعظم کا احتساب ہو رہا ہے اور ن) لیگ کے حواریوں کا یہ کہناکہ اس سے پہلے بھی شریف فیملی کاکئی دفعہ احتساب ہوا ہے عوام کوگمراہ کرنے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ پنجاب میں پانچویں مرتبہ اور وفاقی میں تیسری دفعہ حکومت کررہی ہے اور ان کے 30سالہ دور حکومت میں ملکی حالات بہترہونے کی بجائے خراب ہوئے ہیں، موجودہ حکمران غریب عوام کے مسائل میںکمی کی بجائے اضافے کاباعث بنے ہیں، چوری ، ڈاکے ،بے روزگاری اور لاقانونیت میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے ،موجودہ حکمرانوں کی ترجیح میں ایجوکیشن اور ہیلتھ کی بجائے سڑکیں اور پل ہیں ، پنجاب میں ہسپتالوں کی حالت زار دیکھ کر رونا آتاہے ، غریب عوام اپنے علاج معالجہ کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور انکا کو ئی پرسان حال نہیں ہے جبکہ حکمرانوں کو اپنی ذاتی مشہوری کے لئے اشتہار بازی سے فرصت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

شعیب صدیقی نے کہاکہ جتنا پیسہ شہبازشریف اشتہاربازی پر لگاتے ہیں اتنے پیسے سے تعلیم اور ہیلتھ پر خرچ کرکے بہتری لائی جاسکتی ہے۔