Live Updates

تحریک انصاف کا تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافے پر گہری تشویش کا اظہار

رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں تجارتی خسارہ 30 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا ہے ،ْ اسد عمر

منگل 13 جون 2017 19:05

تحریک انصاف کا تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافے پر گہری تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما اسد عمر نے اسحاق ڈار سے ناکام معاشی حکمت عملی بدلنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں تجارتی خسارہ 30 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا ہے۔

اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ گزشتہ برس کی نسبت رواں برس کے خسارے میں 9 ارب ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔انھوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی معاشی دانش و حکمت قوم کے کسی کام نہیں آرہی ،ْڈار صاحب قوم پر ایک احسان اور فرمائیں اور اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کریں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جناب عالی پاکستان واقعی بیرونی قرضوں کی خطرناک دلدل میں دھنستا جا رہا ہے۔

اسد عمر نے کہاکہ ڈار صاحب کی کارکردگی سے اس دنیا میں اگر کوئی خوش ہے تو وہ عالمی ساہوکار ہیں۔انھوں نے وزیر خزانہ کو تجویز دی کہ ڈار صاحب کاروباری لاگت کم کریں اور خسارہ چھپانے کیلئے ریفنڈز کی ادائیگیاں موخر کرنے سے باز آجائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈار صاحب قوم پر نوازش فرماتے ہوئے عالمی ساہو کاروں کے قرض کی بجائے پاکستانی صنعتوں پر انحصار کرنا سیکھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات