گورنر سندھ محمد زبیر کا معین خان کرکٹ اکیڈمی کا دورہ

اکیڈمی کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے ضمن میں معلومات بھی حاصل کیں علاقائی سطح پر کرکٹ اکیڈ میزعالمی معیار کے کرکٹرز کی تیاری میں اہم ثابت ہورہی ہیں، اکیڈمی کے ذریعہ کرکٹ کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا تاہے، گورنر سندھ

منگل 13 جون 2017 20:41

گورنر سندھ محمد زبیر کا معین خان کرکٹ اکیڈمی کا دورہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے ، کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں سے ان نوجوانوں کو تعمیری راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ، کراچی کے شہری پورے ملک کی طرح کرکٹ سے شغف رکھتے ہیں ، جنون کی حد تک کرکٹ سے محبت رکھنے والے کھلاڑی اور شائقین ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ نہ ہونے سے مایوسی کا شکار ہیں لیکن امن و امان کے قیام کے بعد ایک بار ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ میچز کی راہ ہموار ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میںپاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے شاندار انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوا ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے معین خان کرکٹ اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف کرکٹر معین خان سمیت دیگر کرکٹرز بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے اکیڈمی کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے ضمن میں معلومات بھی حاصل کیں ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ علاقائی سطح پر کرکٹ اکیڈ میزعالمی معیار کے کرکٹرز کی تیاری میں اہم ثابت ہورہی ہیں کیونکہ اکیڈمی کے ذریعہ کرکٹ کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا تاہے ، چونکہ عالمی معیار کی کرکٹ میں تیکنیک اہم ہوتی ہے جو اکیڈ می میں درست کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم سے بڑی توقعات ہیں ، ٹیم کی ناکامی پر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اس کے شائقین بھی مایوس کا شکار ہو جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ایک بار نمبرون بنانے کے لئے کرکٹ اکیڈمیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، اکیڈمیوں کو عالمی سطح کے کھلاڑی تیار کرنا ہونگے تاکہ ایک بار پھر پاکستانی ٹیم عالمی مقابلوں میں سرخ رو ہو سکے ۔ معروف کرکٹر معین خان نے اکیڈمی آمد پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں اکیڈمی کی کارکردگی اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :