صحافی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار اور مقتول کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے

صوبائی ترجمان عوامی نیشنل پارٹی ہارون بشیر بلور کی ہری پور میں صحافی کے قتل سے متعلق مذمتی بیان

منگل 13 جون 2017 21:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے ہری پور میں صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے مقتول کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے۔ بروز منگل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقتول ہری پور کے ایک چھوٹے اخبار میں کام کرنے والا سچا کارکن تھا اور اسی وجہ سے شاید اس کے قتل کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا ، انہوں نے کہا کہ ہم صحافی برادری کے ساتھ ہیں اور مقتول کے قاتلوں کی گرفتاری تک ان کی جدوجہد میں ساتھ دینگے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور پختونخوا کے عوام جان ہتھیلی پر رکھ کر زندگی گزار رہے ہیں اور صحافیوں کے قتل کی وارداتوں میں اضافہ قابل تشویش ہے ، انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ایک مخصوص مائنڈ سیٹ قلم کاروں کو سچ لکھنے سے روکنے کیلئے راستے سے ہٹا رہا ہے جس کی اے این پی بھرپور مذمت کرتی ہے، ہارون بلور نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردی کے باعث شدید نقصان پہنچا ہے تاہم انہوں نے اس امر پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ حکومتی نمائندے کہیں نظر نہیں آ رہے اور زخموں سے چور عوام کی داد رسی کیلئے کوئی حکومتی نمائندہ موجود نہیں ہوتا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے صوبہ مشکلات اور بدامنی کا شکار ہے خصوصاً ہمارے خطے میں دہشت گردی نے ریاستی ڈھانچے کو شدید کمزور کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

عدم تحفظ اور خوف میں اضافہ ہورہا ہے،ریاستی و انتظامی گرفت کمزور ہورہی ہے اور دہشت گرد اپنی کارروائیوں کی وجہ سے خطے کے امن کو تباہ کررہے ہیں۔انةوں نے کہا کہ مقتول بخشیش الہٰی کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :