جے آئی ٹی اور عدلیہ پر شب خون مارنے کے لیے وفاق کے علاوہ پنجاب کی بھی جی جی برگیڈ تیار

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو جے آئی ٹی کی جانب سے نوٹس جاری ہوتے ہی رانا ثناء اللہ پر مشتمل برگیڈ دھواں دھار زبان کے تیر برسانے شروع کردیں گے

منگل 13 جون 2017 23:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2017ء) جے آئی ٹی اور عدلیہ پر شب خون مارنے کے لیے وفاق کے علاوہ پنجاب کی بھی جی جی برگیڈ تیار کرلی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو جے آئی ٹی کی جانب سے نوٹس جاری ہوتے ہی رانا ثناء اللہ پر مشتمل برگیڈ دھواں دھار زبان کے تیر برسانے شروع کردیں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتہائی معتبر ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے جب رفقاء سے مشورہ کیاتو انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکی ساکھ نہ صرف مضبوط ہوگی بلکہ آئندہ الیکشن میں بھر پور طریقہ سے نہ صرف اپنی انتخابی مہم چلا سکتے ہیں بلکہ جیت کے امکان بھی قوی ہونگے ۔

مشاورتی دوستوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر دھواں دھار نیزہ بازی کا ٹاسک وزیراعلیٰ شہباز شریف کو سونپا جائے تاکہ عوام میں عدلیہ اور دیگر قومی اداروں پر بیان بازی کا تاثر وزیراعلیٰ کے کھاتے میں ہی چلا جائے ۔

(جاری ہے)

اسی حوالہ سے میاں شہباز شریف سے جان بوجھ کر انکے بھائی وزیر اعظم نے سپریم کورٹ کے خلاف ایک بیان دلوایا ،جس پر قومی اسمبلی سمیت سندھ اور کے پی کے میںبھی بہت شور شرابا ہوا۔

معلومات کے مطابق وزیراعلیٰ کو انکے بیٹے حمزہ شہباز نے منع بھی کیا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت وفاق کے خطرات پنجاب بھیجے جارہے ہیں لہذااس سے محتاط کام لینا ہوگا،کہیں ایسا نہ ہوکہ اگلے الیکشن میں پنجاب سمیت ملک بھر میں صرف مریم نواز اور انکل نواز کا نام ہی رہ جائے ،سیاست کے لیے پنجاب کا جو گرائونڈ شہباز کی پچ تسلیم کی جاتی ہے یہ ہاتھ سے چلی جانے کا اندیشہ ہے ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی دبے الفاظ میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کو خاموش رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔جاتی عمرہ میں ایک اجلاس میں وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے کہا کہ جے آئی ٹی کو جس انداز سے پنجاب سے ہینڈل کیا جاسکتا ہے وہ وفاق میں مشکل ہے ،ذرئع کے مطابق وزیراعلی نے اپنے بھائی وزیراعظم میاں نواز شریف کی بات پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی پنجابی جی جی برگیڈ رانا ثناء اللہ کی سرپرستی میں تشکیل دیدی ہے ۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے ایس ای سی پی سے 45کمپنیوں کا ریکارڈطلب کیا ہے جس میں زیادہ تر میاںشہباز شریف کی کمپنیاںہیںاور ان گمنام کمپنیوںکے نام اربوں روپے قرض بھی لیا جاچکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے حدیبیہ پیپر ملز کا بھی شہباز شریف ایک اہم پلر ہے ،بے نامی رقم باہر بھیجنے میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے علاوہ میاں شہباز شریف بھی انتہائی اہم گواہ بن سکتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ظفر ملک