کراچی آپریشن کی بدولت ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اوراغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، وسیم احمد

منگل 13 جون 2017 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2017ء) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے جوائنٹ سیکریٹری وسیم احمد نے کہا کہ کراچی آپریشن کی بدولت شہر بھرمیں ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اوراغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ اس کے برعکس شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم کی شرح میں تیزی سے ہونے والا اضافہ بھی کسی سے ڈھکہ چھپا نہیں جس کے سبب روزانہ سیکڑوں شہری اپنے موبائل فونز ،گاڑیوں اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کردئیے جاتے ہیں، بلکہ اکثر اوقات اپنی جانوں تک سے ہاتھ دھوبیٹھتے ہیں۔

وسیم احمد نے کہا کہ شہر میں جرائم کی بنیادی وجہ تیزی سے بڑھتی مہنگائی، بیروزگاری ،تعلیم سے دوری اور عوام میں پھیلتی مایوسی نوجوانوں کو جرائم کی دلدل میں جھونکنے کا باعث بن رہی ہے جسکا فوری اور مؤثر سدِباب نہ کیا گیا توحالات مزید بد سے بدتر ہوتے چلے جائیں گے جس سے نجات کیلئے حکومت سمیت دیگر ریاستی اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر مثبت پالیسیاں ترتیب دینی ہو نگی۔

(جاری ہے)

وسیم احمد نے کہا کہ حکوٍمت کی غلط پالیسیوں ، مجرمانہ غفلت اور کرپشن کی تکمیل کیلئے لوکل افراد کو دانستہ طور پرپولیس کا حصہ بنانے سے گریز کیا جاتا ہے،جو جرائم میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، جبکہ کراچی میں مستقل امن واستحکام کیلئے دیگر صوبوں اور شہروں کی طرح کراچی کے سیکورٹی اداروں اور پولیس میں مقامی افراد کی تقرریاں نہ صرف جرائم میں کمی کا باعث ہوگی بلکہ مقامی افراد میں موجود احساس محرومی دور کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

وسیم احمدنے عارضی بیت الحمزہ پر لیگل ایڈ کمیٹی کے ذمہ داروں کے وفد سے ملاقات کی کہا کہ کراچی کی عوام سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ صرف شہر بلکہ ملک کی تنزلی کا سبب بن رہا ہے،شہر سے کوٹہ سسٹم کے نام پر کالے قانون کو فوری طور پر معطل کرکے دیہی اور شہری کے فرق کوختم کیا جائے اورمیرٹ پر صحت،تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائے غیر جانبدارانہ وسائل کی تقسیم کے بغیرامن و خوشحالی کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :