اٹلی سے تعلق رکھنے والے فرنیچر سازی کے ماہرین عنقریب پاکستان کا دورہ کریں گے، اطالوی ماہرین پاکستان میں فرنیچر کی صنعت سے وابستہ ہنر مندوں کو اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی بارے تربیت دیں گے

بدھ 14 جون 2017 13:35

اٹلی سے تعلق رکھنے والے فرنیچر سازی کے ماہرین عنقریب پاکستان کا دورہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2017ء) اٹلی سے تعلق رکھنے والے فرنیچر سازی کے ماہرین عنقریب پاکستان کا دورہ کریں گے، اطالوی ماہرین پاکستان میں فرنیچر کی صنعت سے وابستہ ہنر مندوں کو اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں تربیت دیں گے ۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے قومی خبر رساں ادارے’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اس ضمن میں پاکستان فرنیچرکونسل کا اطالوی کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے ، یہ کمپنیاں بین الاقوامی شہرت کی حامل ہیں، ابتدائی طور پر ملک بھرسے اس شعبے سے تعلق رکھنے والے 500 ورکروں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

ان ورکروں کو مختصر دورانیے کی تربیت دی جارہی ہے ۔ اطالوی ماہرین لاہور، پشاور، چنیوٹ ، گجرات اورکراچی میں ایک روزہ ورکشاپس بھی منعقد کررہے ہیں جس میں فرنیچر کے تیار کنندگان کو ڈیزائن اور اس صنعت میں جدید طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ تیار کنندگان کو ٹیکس اور قرضوں کے حوالے سے خصوصی پیکج دیا جائے۔

علاوہ ازیں نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کیلئے اقدامات کئے جائیںتاکہ پاکستان میں عالمی معیار کے فرنیچر تیار کرکے بین الاقوامی مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ برآمدات کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگے خام مال اور توانائی کے زیادہ اخراجات کی وجہ سے پاکستانی فرنیچر تیار کرنے والے ادارے بھارت اورچین کے فرنیچر سازوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

اس سلسلے میں حکومت کو اس صنعت سے مسلسل رابطے استوار کرنا چاہئیں، حکومت کو فرنیچر کی صنعت کو زیادہ اورجامع نوعیت کی ترغیبات دینی چاہئیں تاکہ ہم برآمدات میں اضافہ کو فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس شعبے پر توجہ دے کر نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ مجموعی قومی پیداوار میں بھی اضافہ متوقع ہے ، مناسب سہولیات فراہم کرکے ایک عشرے میں 10 ارب ڈالر تک کی برآمدات کی جاسکتی ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ترکھانوں اور ہنر مندوں کو مطلوبہ ضروری تربیت فراہم کی جائے ۔ اس وقت بعض حکومتی اداروں کی جانب سے اگرچہ تربیت فراہم کی جارہی ہے تاہم یہ تربیت عالمی معیارکے مطابق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقامی فرنیچر کو فروغ دینے کیلئے پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام آٹھواں میگا پاکستان انٹیریئر ایگزیبیشن آئندہ ماہ کی 7 تاریخ سے منعقد ہورہا ہے جس میں 60 سے زیادہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

متعلقہ عنوان :