سعودی عرب کا تارکین وطن سے ماہانہ ٹیکس لینے کا فیصلہ

ملک میں ملازمتوں کیلئے مقیم تارکین وطن سے یکم جولائی سے 100 ریال ماہانہ ٹیکس لیا جائیگا جو آئندہ سال یکم جولائی سے 200 ریال اور جولائی 2020 تک 400 ریال ماہانہ کر دیا جائے گا،ذرائع

بدھ 14 جون 2017 14:59

سعودی عرب کا تارکین وطن سے ماہانہ ٹیکس لینے کا فیصلہ
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) سعودی عرب نے تارکین وطن سے ماہانہ ٹیکس لینے کا فیصلہ کرلیا،ملک میں ملازمتوں کیلئے مقیم تارکین وطن سے یکم جولائی سے 100 ریال ماہانہ ٹیکس لیا جائیگا جو آئندہ سال یکم جولائی سے 200 ریال اور جولائی 2020 تک 400 ریال ماہانہ کر دیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق سعودی عرب نے تارکین وطن سے ماہانہ ٹیکس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کے اس اقدام کا مقصد سعودی شہریوں کیلئے ملازمتوں کے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور غیر ملکیوں کی یہاں کام کرنے کی حوصلہ شکنی ہے ، نئے ٹیکس قوانین کے تحت ایسے سعودی تجارتی ادارے جہاں مقامی افراد کے مقابلے میں غیر ملکی کارکنوں کی تعداد زیادہ ہو گی وہ حکومت کو فی تارکین وطن کارکن 400 ریال ماہانہ ٹیکس دینگی جو 2019 تک 600 ریال اور 2020 تک 800 ریال کر دیا جائیگا۔

اگر کمپنی میں مقامی کارکنوں کی تعداد تارکین وطن سے زیادہ ہے تو یہ ٹیکس 100 ریال فی غیر ملکی کارکن ہو گا ، نئے قانون کے تحت تارکین وطن کے بچے بھی ٹیکس نیٹ کی زد میں آئیں گے ، ایسے تارکین وطن کارکن جو اپنے خاندان سعودی عرب میں رکھتے ہیں کو 300 روپے ماہانہ ٹیکس دینا ہو گا تا ہم ان ٹیکسز کا اطلاق ڈرائیورز اور صفائی کا کام کرنے والوں پرنہیں ہوگا۔