ایران نے فٹبال ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی کر لیا

بدھ 14 جون 2017 15:23

ایران نے فٹبال ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی کر لیا
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) سردار ازمون اور مہدی تریمی شاندار گولوں کی مدد سے ایران نے ازبکستان کو 2-0 سے شکست دے کر 2018 کے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔گروپ اے میں موجود ایران کی ٹیم اب تک آٹھ میچوں میں چھ فتوحات کی بدولت 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی کوریا 13پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

ایران کی ٹیم کو اب تک ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلوں میں شکست نہیں ہوئی اور ان کے خلاف اب تک کوئی بھی گول اسکور نہیں ہوا۔روس میں ہونے والے 2018 ورلڈ کپ کی مہم کے سلسلے میں تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایران نے ازبکستان کو 2-0 سے زیر کر کے فائنل مقابلوں میں جگہ بنا لی۔ایران کی ٹیم پورے میچ میں حاوی رہی اور اگر ایران کی ٹیم گول کرنے کے کئی مواقع ضائع نہ کرتی تو یقینا ازبکستان کو بڑی شکست کا منہ دیکھنا پڑتا۔ایران کی ٹیم اب تک چار ورلڈ کپ مقابلوں 1978، 1998، 2006 اور 2014 کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ ازبکستان نے آج تک ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کیا۔