پاکستان عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹائون کی تیسری برسی کے موقع ہونے والے ملک گیراحتجاج کو موخر کرنے کا فیصلہ

بدھ 14 جون 2017 15:41

پاکستان عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹائون کی تیسری برسی کے موقع ہونے ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹائون کی تیسری برسی کے موقع ہونے والے ملک گیراحتجاج کو موخر کرنے کا فیصلہ کرلیا، سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں 17جون کو ملک بھر میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ماہ رمضان اور تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کے سبب ملک گیر احتجاج کا انعقاد ممکن نہیں تھا ،جس پر17جون کو ملک گیراحتجاج کو موخر کردیا گیا،عیدکے بعدسانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری طرف پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان رائو عارف رضوی نے خبررساں ادارے آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں جلد تحریک قصاص کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا جو شہداء کے قصاص تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

قوم کا ہر ہر فرد سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو پھانسی کے تختے پر دیکھنا چاہتا ہے۔قومی سلامتی کے ادارے ملکی تاریخ کے بدترین سانحے کا نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری پوری دنیا میں سفیر امن کے نام سے پہچانے جاتے ہیں،انکی ہدایات کے مطابق کارکن پرامن ہیں اور اتنے بڑے سانحے کے بعد بھی امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا مگر تین سال کے صبر کے بعد بھی انصاف کا نہ ملنا بہت بڑا المیہ ہے۔