وزیراعظم کا اپنے وسائل سے بجلی کے کارخانے لگانے کا جرأتمندانہ فیصلہ سود مند ثابت ہوا ہی: راجہ شوکت عزیز بھٹی

بدھ 14 جون 2017 19:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2017ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ3600 میگاوا ٹ کے گیس پاور پلانٹ کے منصوبوں پر دن رات کام کیا جارہا ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف کا اپنے وسائل سے بجلی کے کارخانے لگانے کا جرأتمندانہ فیصلہ سود مند ثابت ہوا ہے ۔پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے چھٹ جانے کا وقت آگیا ہے۔

خدا تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ توانائی منصوبوں کے باعث لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے اورکئی منصوبے آئندہ چندماہ میں مکمل ہوں گے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے 20کروڑ عوام سے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کیے گئے وعدے کی لاج رکھی ہے انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کا3600میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس لگانے کا دانش مندانہ فیصلہ قوم اور مسلم لیگ(ن) کا بھرم رکھے گا۔

(جاری ہے)

ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا ملکی اقتصادی ترقی پر بہت مثبت اثر پڑے گا جو گزشتہ چند برسوں کے دوران منفی تھی اور اب اسے مثبت سمت میں گامزن کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت بڑے منصوبہ جات کو اتنی تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد لوڈ شیڈنگ میں مزید کمی ہوگی ۔

اس سے صنعتی شعبے کی بحالی ‘ زراعت کو تقویت دینے‘ برآمدات کے فروغ‘ بیروزگاری میں کمی اور ملک میں خوشحالی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی کی پیداوار سستی ہے لہذا اس سے بجلی کے نرخوں کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کو خوف ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات اور ایجنڈے سے انہیں سیاسی میدان میں شکست ہوگی۔انہوں نے سڑکوں‘ موٹرویز‘ بجلی اور گیس کے منصوبوں‘ میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین سمیت بڑے بڑے منصوبوں پر جاری کام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے غریب آدمی کی حالت بہتر بنانے میں معاون ہونگے۔

متعلقہ عنوان :