سرائیکی خطہ کی آواز بلند کرنے پر جمشید دستی کو جیل کی سلاخوں میں پابند سلاسل کیا گیا

آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر فرخ چیمہ کا ملتان میں افطارڈنرکی تقریب سے خطاب

بدھ 14 جون 2017 19:41

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر فرخ چیمہ نے کہا ہے کہ اقدار کی سیاست کے دعویداروں نے عوام کی بھلائی کی بجائے لوٹ مار کرکے اثاثے باہر کے بنکوں میں رکھوا دیئے یہی وجہ ہے کہ آج عوام دووقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں۔جمشید دستی کی گرفتاری کے پیچھے تخت لاہور ہے جس نے سرائیکی خطہ کی آواز بلند کرنے پر جمشید دستی کو جیل کی سلاخوں میں پابند سلاسل کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی ایم ایل جنوبی پنجاب کے صدر مرزا فاروق جان کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں خطاب کرتے ہو ئے کیا جس میں دیگر رہنما اختر بھٹہ،چوہدری محبوب سبحانی، ملک محسن بھٹہ، مقبول سندھو، زبیر انصاری، شفیق قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے پی ایم ایل جنوبی پنجاب کے صدر مرزا فاروق جان نے کہا کہ عید الفطر کے بعد ملتان سمیت جنو بی پنجاب میں ضلع ، تحصیل کی سطح پر ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا اور ممبر سازی کیمپ بھی لگائے جائیں گے اگست تک جنو بی پنجاب میں اے پی ایم ایل کی تنظیم سازی کا مرحلہ مکمل کر لیا جائے گا۔

اے پی ایم ایل سٹوڈنٹس ونگ جنوبی پنجاب کے صدر ملک محسن بھٹہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں عید الفطر کے بعد تنظیم سازی کا آغاز ہو گا جو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا قائد پرویز مشرف ایک بار انشا ئ اللہ اقتدار پر آئیں گے اور ایک بار پھر ملکی ترقی و خوشحالی کے دور کا آغاز ہو گاانہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کی بجائے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے جس کی زندہ مثال ایک منتخب رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی سیشن اجلاس کے دوران بلاوجہ گرفتاری ہے اگر لیگی ایم پی اے یا ایم این اے گرفتار ہو تا تو مسلم لیگ (ن) آسمان سر پہ اٹھالیتی جمشید دستی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔