بچوں کی کردار سازی، تعلیم اور ان کے اندر اچھائی و جدت کے احساسات پیدا کرنے کیلئے الگ تفریحی چینل کا قیام وقت کی ضرورت ہے، مسقبل کی نسلوں کوہماری ثقافت اور ورثے کیساتھ رابطے برقرار رکھنے کیلئے ملکی سطح پر تیار کردہ مواد انتہائی ضروری ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا بچوں کیلئے تفریحی چینل کے اجراء سے متعلق مشاورتی اجلاس میں اظہارخیال

بدھ 14 جون 2017 23:09

بچوں کی کردار سازی، تعلیم اور ان کے اندر اچھائی و جدت کے احساسات پیدا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2017ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے متعلقہ حکام کو تمام پی ٹی وی چینلزکے پروگراموں میں بچوں کے مواد میں اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کیلئے الگ تفریحی چینل کا قیام وقت کی ضرورت ہے،مسقبل کے نسلوں کوہماری ثقافت اور ورثے کیساتھ رابطے برقرار رکھنے کیلئے ملکی سطح پر تیار کردہ مواد انتہائی ضروری ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے بدھ کو یہاں بچوں کیلئے تفریحی چینل کے اجراء سے متعلق مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے پی ٹی وی حکام سے کہا کہ وہ موجودہ پی ٹی وی چینلوں میں بچوں کے مواد میں اضافے کیلئے جامع اور تفصیلی پلان جمع کرائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بچوں کیلئے الگ تفریحی چینلز کا قیام وقت کی ضرورت ہے کیونکہ بچوں کی تفریح کیلئے اب تک کوئی کام نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر تیار کردہ ایسے مواد کی انتہائی ضرورت ہے جو مسقبل کے نسلوں کوہماری ثقافت اور ورثہ کیساتھ رابطے برقرار رکھ سکے۔ہمارے بچوں کو ایسے مواد کی ضرورت ہے جس سے وہ ایجوکیٹ ہو سکیں اور انکے اندر اچھائی اور جدت کے احساسات پیدا کرکے انکی کرادار سازی کی جاسکے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پی ٹی وی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کیلئے معیاری مواد تیار کرنے کی غرض سے تمام ممکنہ وسائل کو برائے کار لائیں۔