قطر نے امریکا سے ایف 15 طیاروں کی خریداری کے لیے 12 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کردیئے-امریکی وزیردفاع خصوصی طور پر معاہدے پر دستخط کے لیے دوحا پہنچے-جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون میں اضافہ ہو گا۔پینٹاگون نے تصدیق کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 15 جون 2017 13:26

قطر نے امریکا سے ایف 15 طیاروں کی خریداری کے لیے 12 ارب ڈالر کے معاہدے ..
دوحہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جون ۔2017ء) قطر نے امریکا سے ایف 15 طیاروں کی خریداری کے لیے 12 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ امریکی وزیردفاع جم میٹس بدھ کے روز معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے قطر پہنچے تھے۔ یہ معاہدہ 36 جنگی طیاروں کی خریداری کے لیے کیا گیا ہیں۔ پینٹاگون نے ایک جاری بیان میں ایف-15 طیاروں کے حوالے سے قطر کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خریداری کے اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون میں اضافہ ہو گا۔

پینٹاگون کے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی وزیردفاع جیمس میٹس اور قطر کے وزیر دفاع خالد العطیہ نے اس موقع پر داعش کے خلاف تعاون اور خلیجی ریاستوں کے درمیان شروع ہونے والی حالیہ کشیدگی کے حوالے سے بات چیت بھی کی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں امریکا نے قطر کے ساتھ 72 ایف-15 کیو اے طیاروں کی فروخت کے لیے 21.1 ارب ڈالر کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ جمعے کو ایک بیان میں قطر پر دہشت گردوں کو اسپانسر کرنے اور تنازع کے خاتمے کے لیے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا تھا۔ گذشتہ ہفتے کے آغاز میں سعودی عرب، مصر، بحرین، یمن، متحدہ عرب امارات اور مالدیپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

اس کے علاوہ لیبیا کی مشرقی حکومت کے وزیر خارجہ محمد دیری نے اپنے ایک بیان میں قطر سے تعلقات کے خاتمے کا اعلان کیا، تاہم انھوں نے فوری طور پر اس اقدام کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کیے جانے کے بعد پاکستان نے دوحہ سے تعلقات بحال رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔ابھی تک سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے اس نئی پیش رفت پر ردعمل سامنے نہیں آیا-کیا سعودی عرب‘متحدہ عرب امارات اور دیگر اتحادی قطر کے ساتھ جنگی طیاروں کے معاہدے پر امریکا کے ساتھ سفارتی تعلقات کے خاتمے اور اس کے معاشی بائیکاٹ کا اعلان کریں گے؟

متعلقہ عنوان :