لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئی ایک طالبہ نے وزیر اعظم نواز شریف کے نام خط لکھ دیا

ماہا عادل کا خط سوشل میڈیا پر وائرل ، وزیر اعظم کو خوب کھری کھری سنائیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 15 جون 2017 15:56

لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئی ایک طالبہ نے وزیر اعظم نواز شریف کے نام خط لکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2017ء) : لوڈ شیڈنگ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نہ صرف بڑے متاثر ہوتے ہیں بلکہ اسکول و کالج جانے والے بچوں کی پڑھائی میں بھی شدید خلل پیدا ہوتا ہے۔ حال ہی میں ایسی ہی ایک لوڈ شیڈنگ کی ستائی ہوئی طالبہ نے وزیر اعظم کے نام لکھے گئے ایک خط میں سارا زہر اُگل دیا۔ اپنے اس خط میں ماہا عادل نے وزیراعظم نواز شریف کو خوب کھری کھری سنائیں جس کی وجہ سے ماہا کا یہ خط سوشل میڈیا پر مقبول ہو گیا۔

ماہا ایک محنتی طالبہ ہے جسے اپنی تعلیم سے بہت لگاؤ ہے۔ اپنے خط میں ماہا عادل نے لکھا کہ مجھے اُمید ہے کہ آپ اپنے خوبصورت اور پُر آسائش کمرے میں ائیر کنڈیشنر کے مزے لیتے ہوئے خوب پُر سکون ہو کر سو رہے ہوں گے۔

(جاری ہے)

میں اُمید کرتی ہوں کہ آپ اپنی ساری زندگی ایک فرشتے کی طرح سوتے رہیں اور پھر کبھی نہ اُٹھیں۔ ماہا نے لکھا کہ یہاں رات کے دو بج رہے ہیں اور میں اپنے موبائل کی ٹارچ کی روشنی میں بالکونی میں بیٹھی پڑھ رہی ہوں۔

مجھے اپنا جنریٹر آن کر لینا چاہئیے؟ ہے نا؟ ہمیں مُفت پٹرول، جنریٹرز اور یو پی ایس دینے کا بہت شکریہ۔ آپ نے ان تمام سالوں میں ہمدردی کا بہترین مظاہرہ کیا اور اس بات پر میں آپ کو سیلوٹ کرنا چاہتی ہوں۔ میں جانتی ہوں کہ ان دنوں آپ مستقبل میں ہم سب سے لوٹی جانے والی رقم گن رہے ہوں گے۔مجھے اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ چین جا کر آرام کرنا کتنا مشکل ہے لیکن میں آپ کو یہ بتا دوں کہ یہ سب پاکستان کے بچوں کی تعلیم سے بڑھ کر اہمیت نہیں رکھتا۔

ماہا نے وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید کہا کہ میں بس آپ سے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اگر میں کل اپنے امتحان میں فیل ہو گئی تو میں آپ سے آپ کی اس یونیورسٹی میں داخلہ مانگوں گی جو آپ نے آج تک نہیں بنائی۔ اور ہاں آپ یہ بھی یاد رکھئے گا کہ روز محشر آپ سے اس بارے میں سوال کیا جائے گا۔ خط کے آخر میں ماہا عادل نے پاکستان زندہ باد لکھتے ہوئے مزید کہا کہ اگر یہ ملک آپ کی زیر نگرانی رہا تو مجھے اس کے آباد ہونے پر بھی شک ہے۔

منجانب روشنیوں کے شہر سے ایک لڑکی۔ماہا عادل کا وزیر اعظم کے نام لکھا گیا پورا خط آپ بھی پڑھئیے: