صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو محتسب اعلیٰ سید ممتاز حسین نقوی نے محتسب سیکرٹریٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کر دی

جمعرات 15 جون 2017 16:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کو محتسب اعلیٰ آزاد کشمیر سید ممتاز حسین نقوی نے محتسب سیکرٹریٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کر دی۔ صدر آزاد کشمیر نے کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے باوجود محتسب سیکرٹریٹ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

محتسب اعلیٰ نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہر سال کے اختتام پر کارکردگی رپورٹ پیش کرنا آئینی تقاضا ہے۔ محتسب سیکرٹریٹ کی یہ26 ویں سالانہ رپورٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رپورٹ 31 مارچ 2016 کے فوری بعد پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال324 شکایات درج کرائی گئیں جبکہ 671 شکایات گزشتہ سال سے زیر التواء تھیں۔ اس طرح 2016 میں کل 1162 شکایات پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور 478 درخواستوں پر احکامات صادر کر دئیے گئے۔

(جاری ہے)

محتسب اعلیٰ نے بتایا کہ ہمیں سب سے زیادہ درخواستیں بورڈ آف ریونیو اور محکمہ مال کے خلاف وصول ہوتی ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر محکمہ تعلیم کے خلاف عوامی سطح پر سب سے زیادہ شکایات ہوتی ہیں۔ دیگر محکموں کے خلاف شکایت کا تناسب کسی حد تک ان دو محکموں سے کم ہے۔ پولیس، جنگلات، زکوٰة اور لوکل گورنمنٹ کا شمار بھی عوام کو تنگ کرنے والے محکموں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 180 احکامات پر عملدرآمد ہو گیا ہے۔ سیکرٹری محتسب سیکرٹریٹ نے اپنے مسائل بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ محتسب سیکرٹریٹ کے پاس دفاتر ہیں نہ گاڑیاں۔ ڈویژنل سطح پر دفاتر کا قیام ضروری ہے۔ سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں دیگر محکموں کو دفاتر الاٹ ہوئے لیکن محتسب سیکرٹریٹ کو نظرانداز کر دیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر نے انہیں یقین دلایا کہ محتسب سیکرٹریٹ کے مسائل حل کروائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :