جماعة الدعوة کراچی کے تحت شہر میں 40 سے زائد مساجد میں اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے

جمعرات 15 جون 2017 16:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے تحت شہر میں 40 سے زائد مساجد میں اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ معتکفین آج 20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے اور عیدالفطر کاچاند نظرآنے پر اعتکاف ختم کیا جائے گا۔ جماعة الدعوة کے زونل مرکز التقویٰ گلشن اقبال سمیت دیگر بڑی مساجد میں رمضان کے آغاز سے ہی رجسٹریشن شروع کردی گئی تھی۔

جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی، جامع مسجد نمرہ نارتھ ناظم آباد، جامع مسجد ریاض الجنہ نارتھ کراچی، مرکز حنین قائد آباد، جامع مسجد الحرمین ماڈل کالونی، جامع مسجد باب الاسلام ڈالمیا سمیت دیگر بڑی مساجد میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مساجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امسال نوجوان معتکفین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

جماعة الدعوة کے ترجمان کے مطابق جماعة الدعوة کے زونل مرکز التقویٰ گلشن اقبال میں امسال ساڑھے چار سو سے زائد مرد و خواتین اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔ جہاں قاری انس مشتاق نماز تراویح کی امامت اور مفتی محمد یوسف طیبی اور مفتی یوسف کشمیری خلاصہ قرآن بیان کر رہے ہیں۔ خواتین کے لیے مرکز تقویٰ کے علاوہ دیگر بڑی مساجد میں اعتکاف کا مکمل باپردہ انتظام کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جماعة الدعوة کے مساجد و مراکز میں معتکفین کے لیے سحر و افطار کا اہتمام جماعة الدعوة کرتی ہے۔ جبکہ طاق راتوں میں لیلة القدر کی تلاش کے لیے بھی معتکفین کو موقع و ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ معتکفین کی دینی رہنمائی کے لیے جید علمائے کرام کے علمی و اصلاحی دروس کا شیڈول بھی مرتب کیا گیا ہے۔ معتکفین علمائے کرام کی نگرانی میں اپنے شب و روز بسر کرتے ہیں اور اللہ کی عبادت میں مصروف رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :