سول سوسائٹی کا متحد ہونا باشعور معاشرے کی علامت ہے ۔ملک عامرڈوگر

جمعرات 15 جون 2017 20:15

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2017ء) ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ سماجی سدھار ، عوامی فلاح و بہبود ، بچوں سے جبری مشقت کا خاتمہ اور تدارک منشیات کی جدوجہد دراصل سماجی تنظیموں کا خاصا ہے ، سول سوسائٹی کا متحد ہونا باشعور معاشرے کی علامت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم اور اے این ایف پنجاب کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سسکتی انسانیت کی بحالی اور نوجوانوں کی مثبت انداز میں رہنمائی وقت کا اہم تقاضا ہے ، ملتان کی سماجی تنظیمیں جہاں معاشرتی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کررہی ہیں ان کے مابین بہتر نیٹ ورکنگ بھی بہت ضروری ہے ۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی سطح پر سماجی تنظیمیں ملتان میں فعال کردار ادا کررہی ہیں لیکن ابھی بھی اس جدوجہد کو مزید فعال اور تیز کرنے کیلئے ہماری عملی کاوشیں جاری رہیں گی ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں امن کے قیام اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے سماجی تنظیمیں اور ریاستی اداروں کے مابین رابطہ کاری بہت ضروری ہے ، منشیات کی وباء کو روکنے اور نسل نو کو اس وباء سے بچانے کیلئے عوامی آگاہی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ تدارک چائلڈ لیبر کے حوالے سے قوانین پر عملدرآمد بہت ضروری ہے ۔اس موقع پر ملک عدنان ڈوگر ، شاہد محمود انصاری ، میاں نعیم ارشد ، اورنگزیب خان بلوچ سمیت دیگر بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :