انقرہ میں’’ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ‘‘ مقابلہ مضمون نگاری کا انعقاد

جمعہ 16 جون 2017 11:41

انقرہ میں’’ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ‘‘ مقابلہ مضمون نگاری کا انعقاد
انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2017ء) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں دوسری جناح ایوارڈ تقریب کے حوالے سے ’’ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ‘‘ مقابلہ مضمون نگاری منعقد ہو ا۔ اس تقریب میں ترکی کے قومی وزیر تعلیم ڈاکٹر عصمت یلماز نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق اس ایوارڈ کا اجراء سفارت خانہ پاکستان نے پاکستانی کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے شروع کررکھا ہے جس کے لیے ترکی کی وزارتِ تعلیم تعاون فراہم کرتی ہے۔

اس مقابلہ مضمون نگاری کا اس سال کا موضوع ’’پاکستان ترکی کے برادرانہ تعلقات اور حالیہ پیش رفت‘‘ تھا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر سہیل محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ کی تقریب ہماری سفارتکاری کے ایک اہم حصے کی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر مقابلہ مضمون نگاری میں حصہ لینے والے اور مختلف پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا اور طالبات کو مبارک با د دیتے ہوئے مقابلے کے مضامین میں دونوں ممالک کے مختلف موضوعات کا اجاگر کرنے پر اپنی دلی خوشی کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ایوارڈ کے اجرا کا مقصد نئی نسل کو ہمارے آباو اجداد کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی انتھک جدو جہد سے نئی نسل کو آگاہ کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس سال مقابلہ مضمون نگاری اس لیے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ امسال ترکی اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات ے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ترکی کے قومی وزیر تعلیم ڈاکٹر عصمت یلماز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات بڑے گہرے اور تاریخ سے چلے آرہے ہیں اور دنیا میں ان تعلقات کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور غازی مصطفیٰ کمال جیسے رہنمائوں نے دونوں ممالک کے عوام کی قسمت تبدیل کرکے رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تاریخ پر ایک نگاہ ڈالی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ترکی اور پاکستان نے ہمیشہ ہی ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترک عوام کبھی بھی پاکستان کے عوام کی جانب سے ترکی کی جنگ نجات کے دوران کی جانے والی امدا دکو فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔اس سے قبل ترکی اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں دستاویزی فلم پیش کی گی۔تقریب میں بڑی تعداد میں ترکی اور پاکستان کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :