چین پاکستان کا قریبی اور پراعتماد دوست، سی پیک سے یہ تعلق مزید مضبوط ہوا ، سرتاج عزیز

چین دنیا کی دوسری بڑی طاقت ہے بیلٹ روڈ منصوبے سے دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہو گی ۔مشیر خارجہ کا پاک چین سٹڈی سنٹر کی افتتا حی تقریب سے خطا ب

جمعہ 16 جون 2017 18:24

چین پاکستان کا قریبی اور پراعتماد دوست، سی پیک سے یہ تعلق مزید مضبوط ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2017ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا قریبی ، پراعتماد دوست ہے اور سی پیک منصوبے کے باعث گزشتہ چار برسوں سے اس تعلق میںمزید مضبوطی آئی ہے۔ سی پیک منصوبہ خطے کے لوگوں کو مزید جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ چائنہ ۔پاکستان سٹڈی سینٹر کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم وتحقیق کوفروغ ملے گا۔

جبکہ چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین دوستی سدا بہار ہے جو کہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔جمعہ کے روز مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور پاکستان میں چینی سفیر سن وی ڈونگ نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹرٹیجک سٹڈیز(آئی ایس ایس) میں چائنہ ۔پاکستان سٹڈی سینٹر کا افتتاح کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ چائنہ ۔

(جاری ہے)

پاکستان سٹڈی سینٹر کے قیام سے دونوں ممالککے لوگوں کو تحقیق کی سہولت میسر آئے گی جوکہ ایک مثبت پیش رفت ہے ۔

انہوں نے دونوں ممالک کے تھنک ٹینکس اورریسرچرزکے درمیان تعلیم و تحقیق کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کی دوستی آزمائی ہوئی ہے اور سی پیک منصوبے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلق مزید مضبوط ومستحکم ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی لازوال ترقی سے خطے میں روابط کو فروغ ملا ہے ۔جبکہ عوام کو قریب لانے میں یہ سٹڈی سنٹر سنگ میل ثابت ہو گا ۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر ہم آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی طاقت ہے بیلٹ روڈ منصوبے سے دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہو گی ۔اس موقع پر چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ سٹڈی سنٹر کا بالکل درست وقت پر افتتاح ہوا ہے اس سے دونوں ملکوں کی عوام مزید قریب آئے گی۔دونوں ملکوں کے عوام ترقی اور پالیسیوں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں کہ آخر پاک چین دوستی کا مستقبل کتنا روشن ہے اور اس ضمن میں چین بھی ترقی کے مواقع کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔

سن وی ڈونگ نے کہا کہ چین کی ترقی کے تین راہنما اصول ہیں جن میں مضبوط قیادت ، پرامن ترقی اور عوام کی لگن شامل ہیں ۔انہی خوبیوں کی بدولت چین میں ترقی ممکن ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ چین کے دنیا میں حاکمانہ ارادے نہیںبلکہ وہ اپنی کی گئی ترقی کے ثمرات خطے اور دنیا کے دیگر ممالک تک پہنچانا چاہتا ہے اور اس ضمن میں ہی ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے تحت خطے اور بر اعظموں کو ایک دوسرے سے جوڑنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک دوستی سدا بہار ہے جو کہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔دونوں ممالک کی دوستی کا ہی مظہر ہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم نواز شریف ،چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ اور سینئر وفاقی وزراء نے ون بیلٹ ون روڈ کے حوالے سے بیجنگ میں منعقد کی گئی عالمی کانفرنس میں شرکت کی ۔انہوں نے سٹڈی سینٹر کو چین کی حکومت اور سفارتخانے کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ۔( جاوید)