Live Updates

کراچی, پیپلز پارٹی پی ایس 114میں حکومتی مشینری استعمال کر کے الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہونا چاہتی ہی, فردوس شمیم نقوی

پیپلز پارٹی نے لیاری گینگ وار اور منشیات فروشوں کو حلقے کی عوام پر مسلط کردیا ہے پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر کی پریس کانفرنس

جمعہ 16 جون 2017 23:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پی ایس 114میں حکومتی مشینری استعمال کر کے الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے۔ سرکاری ملازمین خاص طور پر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور سندھ پولیس کو حکم دیا جارہا ہے کہ وہ الیکشن مہم میں حصہ لیں اور پیپلز پارٹی کو ووٹ ڈلوائیں ۔

ہم ان تمام بے ضابطگیوں سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر چکے ہیں ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سندھ کا الیکشن کمیشن آزاد ہے یا پیپلز پارٹی کا محکوم ہے۔ کیونکہ شکایت درج کروائے ہوئے آج 10دن ہو چکے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ یہ کام وہ پارٹی کروا رہی ہے جو 9سال سے سوئی ہوئی تھی۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کے لئے کام کیا جائے لیکن صرف ووٹ خریدنے کی حد تک نہیں ۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ نرسری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار انجینئر نجیب ہارون، الیاس شیخ،دوا خان صابر، بلال غفار، راجہ اظہر،ڈاکٹر غفار، سرور راجپوت، طاہر ملک ، امجد جاہ ، اقبال شیخ اوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار انجینئر نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ حلقہ پی ایس114میں عرفان اللہ مروت ، سردار عبد الرحیم اور راحیلہ ٹوانہ اور دیگر سیاسی اور سماجی رہنمائوں کی حمایت کے بعد سے پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔

پیپلز پارٹی نے حلقے میں سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال شروع کر دیا ہے۔ پولیس اور سرکاری ملازمین کے ذریعے سینیٹر سعید غنی کا انتخاب جیتنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ پیپلز پارٹی نے لیاری گینگ وار اور منشیات فروشوں کو حلقے کی عوام پر مسلط کردیا ہے اور ان جرائم پیشہ عناصر سے اپنے سیاسی مخالفین کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔سندھ رینجرز ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کر کے علاقے کو نو گو ایریا سے آزاد کرایا جائے۔

ہم الیکشن کمیشن کی توجہ اس حلقے میں جاری بے ضابطگیوں کی طرف دلانا چاہتے ہیں ۔ پی ایس114کے الیکشن پر پوری قوم کی نظریں لگی ہوئی ہیں اس لئے اس الیکشن کو شفاف ہونا چاہئے۔ ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز کے جوانوں کو تعینات کیا جائے تاکہ ووٹر بلا خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات