Live Updates

شریف خاندان نے اپنے اثاثوں کا 50سال پرانا ریکارڈ جے آئی ٹی کے سامنے پیش کیا ہے‘ عمران خان تو اپنا 10سال پرانا منی ٹریل کا ریکارڈ فراہم کرنے سے بھی گریزاں ہیں

ْپاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

ہفتہ 17 جون 2017 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے اپنے اثاثوں کا 50سال پرانا ریکارڈ جے آئی ٹی کے سامنے پیش کیا ہے لیکن عمران خان تو اپنا 10سال پرانا منی ٹریل کا ریکارڈ فراہم کرنے سے بھی گریزاں ہیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اپنا تو 10سال پرانا منی ٹریل ریکارڈ پیش نہیں کر سکے لیکن دوسری جانب وہ شریف خاندان سے ان کے 50سال پرانے ریکارڈ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کرپشن سمیت دیگر کیسز میں ملوث ہیں۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پانام پیپرز پر صرف سیاست کر رہی ہے لیکن اسے حاصل کچھ بھی نہیں ہو گا کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا دامن بالکل صاف و شفاف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جے آئی ٹی کے تحقیقات کے طریقہ کار پر اپنے تحفظات ثبوتوں کے ہمراہ سپریم کورٹ میں جمع کرائے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے پاس کسی بھی شخص سے معلومات حاصل کرنے کا اختیارموجود ہے اور قطری شہزادہ بھی شریف خاندان کو فراہم کردہ دستاویزات کے حوالے سے جے آئی ٹی کو انٹرویو دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطری شہزادہ نہ صرف اپنے خط کو قبول کر رہا ہے بلکہ جے آئی ٹی کو معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات