عراق کے شہر موصل میں اولڈ سِٹی پر حملے کا آغاز،داعشی جنگجوروپوش

کارروائی میں فوج ، وفاقی پولیس اور انسداد دہشت گردی کی فورس شریک ہے، عراقی فوجی افسرکابیان

اتوار 18 جون 2017 14:40

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) عراق میں سرکاری افواج نے اتوار کی صبح موصل شہر کے مغربی حصے میں اولڈ سِٹی پر حملے کا آغاز کر دیا ہے جہاں داعش تنظیم کے باقی ماندہ ارکان روپوش ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نینوی میں فوجی آپریشنز کے کمانڈر عبدالامیر رشید یار اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ مغربی موصل میں اولڈ سٹی پر دھاوے کی کارروائی میں فوج ، وفاقی پولیس اور انسداد دہشت گردی کی فورس شریک ہے۔

ایک عراقی فوجی افسر نے بتایا کہ مذکورہ علاقے پر حملے سے قبل ابتدائی فضائی یلغاروں کا سلسلہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سے ہی شروع ہو گیا تھا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے صبح سویرے اولڈ سٹی ٹاؤن کے مختلف حصوں پر دھاوا بول دیا۔واضح رہے کہ اولڈ سٹی کے عراقی سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں آںے کے بعد داعش تنظیم موصل شہر سے مکمل طور پر ہاتھ دھو بیٹھے گی جو شمالی عراق میں تنظیم کا آخری سب سے بڑا گڑھ ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے مطابق اولڈ سٹی میں اس وقت بھی تقریبا ایک لاکھ عراقی شہری موجود ہیں۔عراقی افواج نے رواں برس فروری میں مغربی موصل کا کنٹرول واپس لینے کے لیے فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ اس سے قبل مشرقی موصل سے داعش تنظیم کو نکال دینے کے واسطے عسکری کارروائی اکتوبر 2016 میں شروع ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :