پونچھ کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے آوازبلند کرینگے،بیرسٹرسلطان محمود

بیرون ممالک میںمودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کو بے نقاب کیا،جلسہ سے خطاب

اتوار 18 جون 2017 16:20

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو بھی اٹھایا اور مودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کو بھی بے نقاب کیا۔ میں دو دن لائن آف کنٹرول کے قریب رہا ہوں اور وہان پر میں نے متاثرین لائن آف کنٹرول کی داد رسی بھی کی اور انکے مسائل بھی سنے۔

بنیادی طور پر میں آج شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی پونچھ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ انکی جدوجہد میں ہم سب انکے ساتھ ہیں اور سدھنوتی سے جو آزادی کی تحریک چلی تھی وہ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ میں شہداء کا مشن مکمل کرنے نکلا ہوں۔ ویسے تو حکومت آزاد کشمیر پورے آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے لیکن پونچھ کے مسائل کو جان بوجھ کو پس پشت ڈالا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ یہاں پر عوام کو زیادہ مشکلات درپیش ہیں۔میں پورے آزاد کشمیر بالخصوص پونچھ سمیت جن علاقوں سے سوتیلی ماں جیسا سلو روا رکھا گیا ہے ہم انکے مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کریں گے۔حکومت آزاد کشمیر چونکہ دھاندلی کی پیداوار ہے اسلئے وہ اپنے حقوق مانگ نہیں سکتی۔جب منگلا ڈیم بنا تھا تو عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں فری بجلی دی جائے گی مفت بجلی تو درکنار یہان پر پاکستان سے بھی دوگنی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت میں اتنی سکت نہیں کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی نمائندگی کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاںضلع پو نچھ میں راولاکوٹ کے مقام پر اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پرایک بہت بڑے جلسہ سے بطو مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجلسہ کی صدارت پی ٹی آئی کشمیرامیدوار اسمبلی سردار نیر ایوب نے کی جبکہ افطار ڈنر سے پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان ،سردار عبدالحمید ایڈووکیٹ،سردار تسنیم، طاہر شاہین، سردار نثار اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ آزادی کی تحریک سدھنوتی سے چلی تھی یہاں پر منگ کے مقام پر سبز علی خان اور ملی خان نے اپنی کھالیں کھنچوادی تھیں ۔یہ جو اب کی بار مقبوضہ کشمیر میں تحریک چلی ہے جسکے نتیجے میں لازوال قربانیاں دی جا رہی ہیں۔ اب انشاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔انھوں نے کہا کہ پونچھ کا دانستہ طور پر ترقی سے محروم رکھا گیا۔

اب وقت آنے والا ہے کہ ہم ضلع پونچھ سمیت تمام علاقوں کے عوام کے مسائل حل کریں گیکیونکہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے اور حکومت پاکستان کی جی حضوری میں لگی ہوئی ہے۔جبکہ متاثرین لائن آف کنٹرول کا جو پیسہ حکومت پاکستان نے دیا وہ بھی اپنے منظور نظر افراد میں بانٹ دیا گیا۔بیرسٹڑ سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے اقتدار کی نائو اب ڈوبنے چلی ہے اور اسکے اقتدار کا سورج اب غروب ہونے کو ہے اور نواز شریف کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں اسکے چیلے چانٹوں کی بھی چھٹی ہو جائے گی۔ہم آزادی کے بیس کیمپ کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :