صوبہ بھر کے چڑیاگھروںاور وائلڈلائف پارکس میںعید الفطر پر سیاحوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے پلان ترتیب

صوبائی دارلحکومت لاہور میںچڑیا گھر،سفاری زو پارک،گلشن اقبال پارک، جیلانی پارک،جناح باغ ،شالامار باغ،گریٹر اقبال پارک، نیشنل پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات ہونگے، ترجمان

اتوار 18 جون 2017 17:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2017ء) صوبہ بھر کے چڑیاگھروںاور وائلڈلائف پارکس میںعید الفطر پر سیاحوں کو فول پروف سکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی غرض سے پلان ترتیب دیدیا، صوبائی دارلحکومت لاہور میںچڑیا گھر لاہور،سفاری زو پارک،گلشن اقبال پارک، جیلانی پارک،جناح باغ پارک،شالامار باغ،گریٹر اقبال پارک، نیشنل پارک سمیت دیگر مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات ہونگے، متعلقہ افسران کو اس سلسلہ میں ڈیوٹیاں بھی سونپ دی گئیں ۔

محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران محکمہ کے افسران چڑیا گھروں اور وائلڈلائف پارکس کے دورے کرینگے،انہوں نے بتایا کہ وائلڈلائف پارکس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کو سیکورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی غرض سے تشکیل دئیے گئے پروگرام پر خصوصی فوکس کریں اور چھوٹی سے چھوٹی چیز کوبھی نظرانداز نہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسران کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ موسم میں گرمی کی شدت کے پیش نظر سیاحوں کیلئے پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وائلڈلائف پارکوں اور چڑیاگھروں میں صفائی ستھرائی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں چڑیا گھروں اور پارکس میں عوام کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات ہونگے۔