منی لانڈرنگ، اسحاق ڈار پر کوئی تشدد نہیں ہوا، بیان حلفی خود دیا، پرویز مشرف

نوازشریف کی سعودی عرب روانگی کسی کی دھمکی کا نتیجہ نہیں بلکہ شاہ عبداللہ نے شریف برادران کو بھیجنے کی درخواست کی تھی، سابق صدر کا انٹرویو

اتوار 18 جون 2017 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ شریف فیملی کی منی لانڈرنگ سے متعلق اسحاق ڈار نے حلفیہ بیان دیا تھا، اسحاق ڈار پر کوئی تشدد کیا گیا نہ ہی انہیں دھمکایا گیا، شاہ عبداللہ کی درخواست پر شریف برادران کو سعودی عرب بھیجا۔ایک خصوصی انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہا کہ شریف فیملی کے ٹرائل پر سوشل اور تمام میڈیا پر باتیں ہورہی ہیں، نوازشریف پر کرپشن کا کیس پہلے بنا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے شریف فیملی سے متعلق منی لانڈرنگ کاحلفیہ بیان دیا، منی ٹریل میں سب کچھ سامنے تھا اس میں مزید کیا ثبوتوں کی ضرورت نہیں تھی۔پرویزمشرف نے کہا کہ اسحاق ڈار پر دوران قید کوئی تشدد یا انہیں ہراساں نہیں کیا گیا، انہوں نے خود شریف فیملی کی منی لانڈرنگ سے متعلق بیان دیا جس کے بعد نوازشریف پر کرپشن کا کیس بنایا گیا۔سابق صدر نے کہا کہ نوازشریف نے طیارہ ہائی جیک کر کے انسانوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش کی تو ان پر اس کا مقدمہ بنایا گیا، نوازشریف کی سعودی عرب روانگی کسی کی دھمکی کا نتیجہ نہیں بلکہ شاہ عبداللہ نے شریف برادران کو بھیجنے کی درخواست کی تھی۔