پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے امیدوار کامران ٹیسوری کی رابطہ مہم زور و شور سے جاری

اتوار 18 جون 2017 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 میں 09 جولائی 2017ء کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری کی جاری رابطہ مہم کے سلسلے میں حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی و دیگر ذمہ داران نے پی ایس 114 سے نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری کے ہمراہ حلقے کے مختلف علاقوں میں بزرگوں اور نوجوانوںسے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر حلقہ کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی نے کہاکہ ایم کیو ایم (پاکستان) کے نامزد حق پرست امیدوار کی شاندار کامیابی اور ان کی جیت ترقی کے سفر کا آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس 114 ایم کیو ایم (پاکستان) کا روایتی علاقہ ہے اور ہم یہاں کی عوام کو مایوس نہیں کرئینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حلقہ کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست امیدوار برائے پی ایس 114 کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایم کیوایم (پاکستان) عوام کے درمیان رہ کران کی بلاتفریق رنگ ونسل اورزبان خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا مقصد اس حلقے کی عوام کی خدمت کرناہے اور مجھے یقین ہے کہ پی ایس 114 کی حق پرست عوام پتنگ پر اپنی اعتماد کی مہر ثبت کرکے ایک بار پھر ثابت کردیں گے کہ وہ معماران وطن کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے حلقہ کے عوام میں انتخابی پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔