الیکٹرانکس کاروبار پر 20 ہزار روپے لائسنس فیس کسی صورت قبول نہیں ، سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

تجویز کردہ فیس بہت زیادہ ہے اس سے الیکٹرانکس کا کاروبار کرنے والے تباہ ہو جائیں گیفیس صرف 500 روپے سالانہ ہونی چائیے، اجلاس سے خطاب

اتوار 18 جون 2017 18:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) الیکٹرانکس کے کاروبار پر 20 ہزار روپے لائسنس فیس کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور الیکٹرانکس /الیکٹریکل اپلائنسز بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد سکندر اعظم خاں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میونسپل کارپوریشن کی طرف سے فیس میں اضافہ کی تجویز آتے ہی انہوں نے فوری طور پر میئر کارپوریشن ملک عبدالرزاق سے رابطہ کیا اور بتایا کہ تجویز کردہ فیس بہت زیادہ ہے اور اس سے الیکٹرانکس کا کاروبار کرنے والے تباہ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیس صرف 500 روپے سالانہ ہونی چاہیئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس سلسلہ میں میئرسے دو ملاقاتیں کر چکے ہیں تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ عید کے بعد ہوگا۔

(جاری ہے)

رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ وہ ملکی سطح پر آل پاکستان الیکٹرانکس ایسوسی ایشن قائم کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے ذریعے وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبر بننے کے بعد اپنی آواز قومی سطح پر اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایسوسی ایشن کی تشکیل کیلئے کم از کم ڈیڑھ سو ممبران کی ضرورت ہے جبکہ تمام صوبوں سے کم از کم ایک ممبر ضرور ہونا چاہیئے۔

انہوں نے ممبربننے کی تفصیلات بھی بتائیں اور کہا کہ کوئی بھی این ٹی این ہولڈر اس کا ممبر بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹالمنٹ پر کام کرنے والے بھی اس ایسوسی ایشن کے ممبر بن سکتے ہیں۔ عید کے حوالے سے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رانا محمد سکندر اعظم خان نے کہا کہ سی پی او کو اس صورتحال کافوری نوٹس لینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پوری پولیس فورس کو متحرک کیا جائے اور رش والے مقامات پر پولیس گشت میں اضافہ کرنے کے علاوہ اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں۔ اس میٹنگ میں حبیب الرحمن، غضنفر علی ملک، محمد شہباز گل، چوہدری امانت علی، محمد فاروق گل، محمد وقاص، میاں اشفاق احمد، شوکت علی، احسان سکندر، عمران سکندر، محمد امجدکمال، امتیاز کمبوہ ، میاں محمد اکرم اور سید شجاعت علی نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :