حکومت نے وعدوں کے باجود ٹی ڈی پیز کی ان کے گھروں کو واپسی یقینی نہیں بنائی،متاثرین کی واپسی کے عمل میں سست روی حکومت کی نااہلی ہے، وفاقی حکومت متاثرین کو واپس نہیں لے جاسکتی تو مستعفی ہوجائے

امیر جماعت اسلامی فاٹا سردار خان کا بیان

اتوار 18 جون 2017 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) جماعت اسلامی فاٹا کے امیر سردار خان نے کہا ہے کہ حکومت نے وعدوں اور دعووں کے باجود ٹی ڈی پیز کی ان کے گھروں کو واپسی یقینی نہیں بنائی۔ متاثرین کی واپسی کے عمل میں سست روی حکومت کی نااہلی ہے، فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ حکومت کے منہ پر تماچہ ہے ، جو ٹی ڈی پیز واپس گئے ہیں انہیں بھی بنیادی سہولیات میسر نہیں ۔

قبائلی عوام نے قوم کے لئے قربانی دی لیکن قربانی کے صلے میں انہیں ذلت مل رہی ہے،حکومت جلد از جلد متاثرین کی واپسی اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے ،اگر وفاقی حکومت متاثرین کو واپس نہیں لے جاسکتی تو مستعفی ہوجائے ، جماعت اسلامی متاثرین فوجی آپریشنز کے ساتھ ہے۔ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

بروز اتوار ایک بیان میں سردار خان نے کہا کہ فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی ، اورکزئی اور کرم ایجنسی کے ہزاروں خاندان ابھی تک اپنے علاقوں کو واپس نہیں بھیجے جاسکے جبکہ جو خاندان اپنے علاقوں کو گئے ہیں وہ بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

واپس جانے والے خاندان بنیادی ضروریات جیسے پانی ، بجلی، تعلیم اور صحت کی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن متاثرین پہلے کیمپوں میں خوار ہوتے رہے ، ان کے مویشی اور دیگر ضروریات زندگی آپریشنوں کی نظر ہوئے اور اب ان کی واپسی کے عمل کو مشکل بنادیا ہے اور جو واپس جاچکے ہیں ان پر بھی عرصہ حیات تنگ ہے۔ حکومت نے قبائلی عوام کو سبز باغ دکھائے تھے کہ آپریشن کے بعد ان متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی عمل شروع کیا جائے گا لیکن تاحال ایسا کچھ نظر نہیں آرہا۔

قبائلی علاقوں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز بھی تباہ ہیں۔ حکومت اپنے وعدے پورے کرے اور متاثرین فوجی آپریشنز کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آپریشن کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کی تھی اور ان کے جانوروں تک کے لئے چارے پانی کا انتظام کیا تھا۔ جماعت اسلامی متاثرین کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ حکومت ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی یقینی بنائے اور انہیں وہ تمام سہولیات فراہم کرے جن کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔متاثرین نے اپنے حقوق کے لئے جہاں بھی احتجاج کا اعلان کیا جماعت اسلامی ان کی پشت پر ہوگی۔

متعلقہ عنوان :