آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شعبہ تعلیم میں مجموعی طور پر 345ارب روپے کی رقم مختص کی گئی،وزیر اعلیٰ پنجاب کے --’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ کے انقلابی پروگرام کو آئندہ مالی سال میںبھی اسی جوش و جذبے سے جاری رکھا جائے گا

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کی وفد سے گفتگو

اتوار 18 جون 2017 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شعبہ تعلیم میں مجموعی طور پر 345ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، یہ رواں مالی سال کے مختص کردہ فنڈز سے تقریباًً 33ارب روپے زیادہ ہے۔ سکول ایجوکیشن کے شعبے کے ترقیاتی پروگرام کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں53ارب36کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

یہ بات انہوں نے بروز اتوار اساتذہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے تحت یکم جنوری 2017ء سے صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مجموعی طور پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کیلئی230ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح آئندہ مالی سال میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو36.6فیصداضافی وسائل مہیا کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے --’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ کے انقلابی پروگرام کو آئندہ مالی سال میںبھی اسی جوش و جذبے سے جاری رکھا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت 2015-18تک کے اہداف میں کلاس رومز میں بلند معیار تعلیم کو یقینی بنانا، مثالی تدریسی ماحول، بہتر راہنمائی اور موثر احتساب کا نظام، عالمی معیار کی کتب کی مفت فراہمی، بچوں کا سکول میں 100فیصد یقینی داخلہ اور Early Childhood Education پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء تک 100فیصد شرح داخلہ کے اہداف کو حاصل کر لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فروغ تعلیم کے اقدامات سے معاشرے میںمثبت تبدیلی رونما ہوتی ہے ، اور اس طرح اعلیٰ انسانی اقدار پروان چڑھتی ہیں جس سے تمام طبقات کو فائدہ پہنچتا ہے۔