کراچی کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گورنرسندھ

لیاری قدیم تہذیب کی حامل ایک قدیمی بستی ہے مگر اسے گینگ وار کی وجہ سے جو شہرت دی گئی وہ بدنامی کا سبب بنی، لیاری میں افطار ڈنر سے خطاب

اتوار 18 جون 2017 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ بنیادی سہولیات کی فراہمی میں پینے کے صاف پانی، صحت تعلیم اور انفرااسٹرکچر کی بحالی شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لیاری قدیم تہذیب کی حامل ایک قدیمی بستی ہے مگر اسے گینگ وار کی وجہ سے جو شہرت دی گئی وہ بدنامی کا سبب بنی۔

لیاری میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہیں۔ لیاری کے نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لیاری میں افطار عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام مسلم لیگ (ن) لیاری کے زیراہتمام کیا گیا تھا جبکہ اس موقع پر بڑی اسکرین کے ذریعے پاک بھارت کرکٹ میچ دکھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بڑا ثابت ہوگا قومی ٹیم جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دے گی۔ انہوںنے کہا کہ لیاری ایک قدیم بستی ہے لیاری میں رہنے والی مختلف قومیتیں ان کی رسم ورواج کی ایک الگ پہچان ہے۔ مگر بدقسمتی سے لیاری کو گینگ وار کے نام سے مشہور کیا گیا اور لیاری کی تاریخی شہرت کو داغ دار کیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ لیاری میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومت سندھ کی خوشحالی کے وژن پر کاربند ہیں۔ انہوںنے کہا کہ امن وامان کے قیام کے بعد کراچی میں غیرملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاری اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے، کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنتا جارہا ہے۔

لیاری کی رونقیں بھی بحال کریںگے۔انہوںنے کہا کہ لیاری میں4 سال کی جدوجہد سے امن قائم ہوااور لیاری میں قیام امن پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کا کردار اہم رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ لیاری میں امن کی بحالی کے ساتھ اس کی کھوئی ہوئی رونقیں بھی بحال کرنا ہے۔ لیاری کے فٹبالر کو ملکی سطح پر لے جانے کی ضرورت ہے افسوس ہوتا ہے کہ لیاری آج 40 برس بعد بھی ایک قدیم پسماندہ بستی ہے اور اس کی سڑکیں آج بھی ایسی ہیں جیسے آج سے کئی برس پہلے تھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے اہم ترین ایونٹ میں کامیابی حاصل کرکے قوم کو شاندار تحفہ دیا ہے۔ یہ پوری قوم کے لیے عید کا تحفہ ہے چیمپئن ٹرافی میں کامیابی کے لیے پوری قوم کرکٹ کے لیے دعا گو تھی۔

متعلقہ عنوان :