لیاری سے پیپلز پارٹی کا رشتہ روح و جان جیسا ہے، عوام اگلے انتخابات میں بھی لیاری سے پیپلز پارٹی کو فتح دلوائیں گے،وزیراعلیٰ سندھ

گورنر سندھ کو مسلم لیگ کی سیاسی مہم چلانے سے اجتناب کرنا چاہیے، گورنر کا عہدہ غیر جانبداریت کا متقاضی ہوتا ہے، لیاری میں میڈیا سے بات چیت

اتوار 18 جون 2017 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لیاری سے پیپلز پارٹی کا رشتہ روح و جان جیسا ہے، عوام اگلے انتخابات میں بھی لیاری سے پیپلز پارٹی کو فتح دلوائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لیاری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول کی جا نب سے دی گئی افطار پارٹی میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلی سندھ کے علاوہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمدکھوڑو، صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ اور جاوید ناگوری سمیت پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزرا اور رہنماوں نے بھی افطار پارٹی میں شرکت کی۔ وزیر اعلی سندھ نے لیاری کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لیاری کو پیپلز پارٹی کا قلعہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید اور شہید بے نظیر بھٹو کے دور سے لیاری کے عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے، لیاری سے پیپلز پارٹی کا رشتہ روح و جان کے جیسا ہے، لیاری کی عوام نے جرائم پیشہ عناصر کو بھاگنے پر مجبور کردیا، عوام اگلے انتخابات میں بھی لیاری سے پیپلز پارٹی کو فتح دلوائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ گورنر سندھ کو مسلم لیگ کی سیاسی مہم چلانے سے اجتناب کرنا چاہیے، گورنر کا عہدہ غیر جانبداریت کا متقاضی ہوتا ہے۔