لیاری کو اس کا اصل مقام واپس دلائیں گے ،گورنر سندھ

قدیم علاقہ ہے جس کی اپنی ثقافت اور تہذیب ہے ، لیاری نے فٹبال کے قومی کھلاڑی فراہم کئے،محمد زبیر امن وا مان کے قیام میں پاک فوج نے زبردست کردار ادا کیا ۔ لیاری میں افطار ڈنر تقریب سے خطاب

اتوار 18 جون 2017 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے لیاری ایک قدیم علاقہ ہے جس کی اپنی ثقافت اور تہذیب ہے ، لیاری نے فٹبال ، ریسلنگ اور سائیکلنگ کے قومی کھلاڑی فراہم کئے جنھوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ،چند برس قبل اس علاقہ کا منفی تاثر قائم ہوالیکن چار برس کی محنت سے لیاری کے علاقہ میں امن و امان قائم ہو ا ، امن و امان کے قیام میں وفاقی حکومت ، رینجرز ، پولیس اور دیگرقانون نا فذ کرنے والے اداروں با الخصوص پاک فوج نے زبر دست کردار ادا کیا ، امن و امان کے قیام میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) ضلع سائوتھ کے جنرل سیکریٹری راجہ سعید انصاری کی جانب سے دی جانے والی افطار ڈنرکی دعوت سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے صدر با بو سرفراز جتوئی ،مسلم لیگ (ن) سندھ کے اقلیتی ونگ کے جنرل سیکریٹری کھیل داس کو ہستانی، راجہ انصاری ، چوہدری سہیل ، منیر احمد ، عابدبروہی ، اسلم بھٹہ ، میر مشتاق ، نا صر کریم ، میاں محمد رشید سمیت دیگر افراد شریک تھے ۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جس طرح لیاری کی رونقیں لائے ہیں اس کے اصل شناخت بھی واپس لائیں گے ،علاقہ میں فٹبال ، ریسلنگ اور سائیکلنگ سمیت دیگر کھیل کو فروغ دینگے ، اس علاقہ میں نیچرل ٹیلنٹ موجود ہے ،میری طرف سے بھرپور کوششیں ہوگی کہ لیاری کو اس کا اصل مقام دلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے عالمی معیار کے فٹبالرز ، ریسلرز اور سائیکلنگ اسٹارز پیدا کئے جا سکتے ہیں اس ضمن میں سرکاری محکموں سے بھی بات کی جائے گی کہ وہ فٹبال کی ٹیم تشکیل دیں ۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی سطح پر رابطہ کرکے عالمی معیار کے فٹبالر کو لیاری میں تربیت کے لئے فراہم کرینگے ،لیاری کے جن کھلاڑیوں کی کارکردگی معیاری رہی ہے انھیں گورنر ہائوس میں مدعو کیا جائے گا ان کے اعزاز میں فنگشن کا بھی انعقاد کرکے انھیں انعامات دیئے جائیں گے اور فٹبال ، ریسلنگ اور سائیکلنگ کے کھیل کے فروغ کے لئے ان کی تجاویز کے مطابق اقدامات اٹھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ملک کی طرح لیاری میں ترقیاتی کام کرائیں گے بھرپور توجہ سے اس علاقہ کو بھی لاہو ر ، راولپنڈی اور دیگر علاقوں کی طرح ترقی دی جا سکتی ہے ۔ ضلع سائوتھ فٹبال کے صدر نا صر کریم نے کہا کہ لیاری نے فٹبال ، ریسلنگ اور سائیکلنگ کے ملکی سطح کے کھلاڑی فراہم کئے جنھوں نے عالمی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کیا ، آج کل فٹبال کے کھیل سے وابستہ کھلاڑی بے روزگار ہیں محکموں نے بھی فٹبال کی ٹیم ختم کردی ہیں اور وفاقی سطح کے کئی محکموں میں فٹبال کی ٹیم ہی ہیں اس ضمن میں گورنر سندھ اپنا کردار اداکریں ۔

مسلم لیگ (ن) ضلع سائوتھ کے جنرل سیکریٹری راجہ سعید نے کہا کہ آج کی تقریب جس جگہ منعقد کی گئی ہے یہاں پہلے دہشت گردی کا راج تھا لیکن وفاقی حکومت نے پورے ملک کی طرح لیاری سے بھی دہشت گردی کا خاتمہ کردیا ، لیاری کے عوام نے دہشت گردی کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے لیاری کے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کو لیاری کے عوام نے بے حد سراہا ہے ، لیاری کے عوام امن دوست ہیں اور امن سے محبت کرنے والوں کو پسند کرتے ہیں۔تقریب میں مسلم لیگ (ن) ضلع سائوتھ کے جنرل سیکریٹری راجہ سعید نے گورنر سندھ کو سندھ کی ثقافت اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی ۔