لیاری کو اس کا اصل مقام واپس دلائیں گے‘ گورنر سندھ

اتوار 18 جون 2017 22:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیاری ایک قدیم علاقہ ہے جس کی اپنی ثقافت اور تہذیب ہے، لیاری نے فٹ بال، ریسلنگ اور سائیکلنگ کے قومی کھلاڑی فراہم کئے جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا، چند برس قبل اس علاقہ کا منفی تاثر قائم ہوا لیکن چار برس کی محنت سے لیاری کے علاقہ میں امن و امان قائم ہوا، امن و امان کے قیام میں وفاقی حکومت، رینجرز، پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں باالخصوص پاک فوج نے زبر دست کردار ادا کیا، امن و امان کے قیام میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) ضلع سائوتھ کے جنرل سیکریٹری راجہ سعید انصاری کی جانب سے دی جانے والی افطار ڈنرکی دعوت سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے صدر با بو سرفراز جتوئی، مسلم لیگ (ن) سندھ اقلیتی ونگ کے جنرل سیکریٹری کھیل داس کوہستانی، راجہ انصاری، چوہدری سہیل، منیر احمد، عابد بروہی، اسلم بھٹہ، میر مشتاق، ناصر کریم، میاں محمد رشید سمیت دیگر افراد شریک تھے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جس طرح لیاری کی رونقیں لائے ہیں اس کی اصل شناخت بھی واپس لائیں گے، علاقہ میں فٹ بال، ریسلنگ اور سائیکلنگ سمیت دیگر کھیل کو فروغ دیں گے، اس علاقہ میں نیچرل ٹیلنٹ موجود ہے، میری طرف سے بھرپور کوششں ہوگی کہ لیاری کو اس کا اصل مقام دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے عالمی معیار کے فٹ بالرز، ریسلرز اور سائیکلنگ اسٹارز پیدا کئے جا سکتے ہیں اس ضمن میں سرکاری محکموں سے بھی بات کی جائے گی کہ وہ فٹ بال کی ٹیم تشکیل دیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر رابطہ کر کر کے عالمی معیار کے فٹ بالر کو لیاری میں تربیت کے لئے فراہم کریں گے، لیاری کے جن کھلاڑیوں کی کارکردگی معیاری رہی ہے انھیں گورنر ہائوس میں مدعو کیا جائے گا ان کے اعزاز میں تقریب کا بھی انعقاد کرکے انھیں انعامات دیئے جائیں گے اور فٹ بال، ریسلنگ اور سائیکلنگ کے کھیل کے فروغ کے لئے ان کی تجاویز کے مطابق اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ملک کی طرح لیاری میں ترقیاتی کام کرائیں گے بھرپور توجہ سے اس علاقہ کو بھی لاہور، راولپنڈی اور دیگر علاقوں کی طرح ترقی دی جا سکتی ہے۔ ضلع سائوتھ فٹ بال کے صدر ناصر کریم نے کہا کہ لیاری نے فٹ بال، ریسلنگ اور سائیکلنگ کے ملکی سطح کے کھلاڑی فراہم کئے جنھوں نے عالمی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کیا، آج کل فٹ بال کے کھیل سے وابستہ کھلاڑی بے روزگار ہیں محکموں نے بھی فٹ بال کی ٹیم ختم کردی ہیں اور وفاقی سطح کے کئی محکموں میں فٹ بال کی ٹیم ہی ہیں اس ضمن میں گورنر سندھ اپنا کردار ادا کریں۔

مسلم لیگ (ن) ضلع سائوتھ کے جنرل سیکریٹری راجہ سعید نے کہا کہ آج کی تقریب جس جگہ منعقد کی گئی ہے یہاں پہلے دہشت گردی کا راج تھا لیکن وفاقی حکومت نے پورے ملک کی طرح لیاری سے بھی دہشت گردی کا خاتمہ کردیا، لیاری کے عوام نے دہشت گردی کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے لیاری کے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کو لیاری کے عوام نے بے حد سراہا ہے، لیاری کے عوام امن دوست ہیں اور امن سے محبت کرنے والوں کو پسند کرتے ہیں۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) ضلع سائوتھ کے جنرل سیکریٹری راجہ سعید نے گورنر سندھ کو سندھ کی ثقافت اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :