پاکستان کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

بھارت کا غرور خاک میں مل گیا ، 180رنز کی عبرت ناک شکست کا سامنا کریئر کی پہلی سنچری بنانے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی،ٹورنامنٹ میں 13 وکٹیں حاصل کرنے پر نوجوان بالر حسن علی کو گولڈن بال اور مین آف دی سیریز سے نوازا گیا قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں زبردست جشن کا سماں ،ڈھول کی تھاپ پر رقص اور بھنگڑے ڈالے گئے مٹھائیاں تقسیم اور ہوائی فائرنگ کی گئی صدر،وزیر اعظم سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور آرمی چیف کی بھی قومی ٹیم اور قوم کو اس جیت پر مبارکباد

اتوار 18 جون 2017 22:51

�ندن،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2017ء) پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دھول چٹا کر پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا،فائنل میں بھارت کا غرور خاک میں مل گیا اور اسے 180رنز کی عبرت ناک شکست کا سامنا کرناپڑا، کریئر کی پہلی سنچری بنانے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ ٹورنامنٹ میں 13 وکٹیں حاصل کرنے پر نوجوان بالر حسن علی کو گولڈن بال اور مین آف دی سیریز سے نوازا گیا ، قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں زبردست جشن کا سماں ،ڈھول کی تھاپ پر رقص اور بھنگڑے ڈالے گئے مٹھائیاں تقسیم کی گیں اور ہوائی فائرنگ کی گئی ،صدر،وزیر اعظم سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور آرمی چیف نے بھی قومی ٹیم اور قوم کو اس جیت پر مبارکباد دی ہے ۔

(جاری ہے)

اتوار کو لندن کے کیننگٹن اوول میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے معرکے میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ۔ پاکستان کی جانب سے پچھلے 3 میچوں میں عمدہ آغاز فراہم کرنے والے نوجوان بیٹسمن فخر زمان اور اظہر علی نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا اور فائنل میچ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ایک لمبے عرصے کے بعد مسلسل دوسری اوپننگ سنچری شراکت قائم کی۔

اس دوران دونوں اوپننگ بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں،پاکستان کو پہلا نقصان 128 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب اظہر علی بدقسمتی سے 59 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے تاہم فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلیے بابراعظم کے ساتھ ملکر 72 رنز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد مزید جارحانہ انداز اپنایا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلتے ہوئے اپنی پہلی سنچری مکمل کی جب کہ وہ 106 گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 114 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کیلیے 47 رنز جوڑے لیکن شعیب ملک بھنیشورکمار کی گیند پر غلط شارٹ مارتے ہوئے کیچ دے بیٹھے، وہ صرف 12 رنز ہی بناسکے جس کے بعد محمد حفیظ نے بابر اعظم کا ساتھ دیا لیکن کچھ ہی لمحوں بات بابراعظم 46 رنز کی اننگز کھیل کر یووراج سنگھ کو کیچ دے بیٹھے۔اختتامی اوورز میں محمد حفیظ اور عماد وسیم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار چھکے رسید کیے اس دوران محمد حفیظ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 57 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ عماد وسیم 25 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ اوورز میںبھارت کو 339رنز کا ہدف دیا۔بھارت کے دونوں ٹاپ اسپنرز روینڈرا جڈیجا اور روی چندرن ایشون مہنگے بولر ثابت ہوئے اور دونوں کے حصے میں کوئی وکٹ نہیں آئی جب کہ بھنیشور کمار، ہاردک پانڈیا اور کیدار جادیو ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ہدف کے تعاقب میںبھارت کی جانب سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اننگز کی تیسری ہی گیند پر محمد عامر نے روہت کو پویلین واپس بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی جس کے بعد ویرات کوہلی بیٹنگ کیلیے آئے۔

اظہر علی نے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر کوہلی کا کیچ گرادیا لیکن محمد عامر نے اگلی ہی گیند پر ایک بار پھر شاندار ڈیلیوری کرکے ویرات کی اننگز کا خاتمہ کیا۔تیسری وکٹ کیلیے یووراج سنگھ نے شیکھر دھون کا ساتھ دیا اور 27 رنز کی شراکت قائم کی لیکن محمد عامر نے بھارتی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور بظاہر سیٹ دکھائی دینے والے شیکھر دھون کو بھی 21 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد بھارت ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، یووراج سنگھ اور ایم ایس دھونی نے چوتھی وکٹ کیلیے 21 رنز کی شراکت قائم کی لیکن نوجوان اسپنر شاداب خان نے یووراج سنگھ کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔اگلے ہی اوور میں قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے ستارے حسن علی نے دھونی کی اننگز کا خاتمہ کرکے بھارت کی آخری امید بھی ختم کردی۔ہارک پانڈیا نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے شاداب خان لگاتار 3 اور فخر زمان کو 2 چھکے رسید کرکے بھارتی ڈریسنگ روم میں کچھ امید پیدا کردی لیکن جڈیجا کی غلط کال پر وہ رن آؤٹ ہوگئے تاہم وہ 43 گیندوں پر 6 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

پانڈیا کو رن آؤٹ کروانے کے بعد روینڈرا جڈیجا خود بھی زیادہ اچھی کارکردی نہ دکھاسکے اور 15 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ روی چندر ایشون بھی ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور شیکھر دھون کی اننگز کا خاتمہ کیا، حسن علی نے ایم ایس دھونی، جسپٹ بھمرا اور ایشون کی اننگز کا خاتمہ کیا جب کہ شاداب خان یووراج سنگھ اور کیردار جادیو کی وکٹ لینے میں کامیاب رہے اور جنید خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

بلو شرٹس کی آدھی ٹیم 54 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی تاہم ہاردک پانڈیا کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت بھارت کی پوری ٹیم 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں پاکستان نے آخری معرکہ 180 رنز سے اپنے نام کرلیا۔ واضح رہے بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں پاکستان کو شکست دے دوچار کیا تھا۔دریں اثناء کریئر کی پہلی سنچری بنانے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ میں 13 وکٹیں حاصل کرنے پر نوجوان بالر حسن علی کو مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے پہلی بار چیمپئنزٹرافی کا ٹائٹل جیتنے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ آج پاکستان نے کرکٹ کے تینوں بڑے ٹائٹل اپنے نام کرلیے۔ورلڈ کرکٹ کپ،ٹی ٹوئنٹی کپ اور چیمپنز ٹرافی ۔پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے 8سال بعد کوئی بڑا ٹورنامنٹ جیتا ہے ۔ادھر قومی ٹیم کی شاندار فتح پر ملک بھر میںجشن کا سماں رہا اور ہر طرف مٹھائیاں تقسیم ہوئیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا اور ہوائی فائرنگ کی گئی شائقین ملک بھر میں سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ۔

قومی ٹیم کو اس شاندار کامیا بی پر صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف ‘ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ثاقب نثار ‘ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق‘چیئرمین سینٹ میا ں رضا ربانی ،چاروں صوبوں کے وزراء اعلی ،گورنرز ،سابق صدر آصف زرداری ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ‘ وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر سیاسی قیادت نے بھارت کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی فائنل جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی ہے‘ فائنل جیتنے پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی ٹیم نے روایتی حریف کو باری مارجن سے ہرایا ہے اور ماہ مقدس کی خوشیاں دوبالا کردی ہیں وزیراعظم نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے‘ توقع ہے کہ قومی ٹیم آئندہ بھی ایسی کارکردگی دکھاتی رہے گی‘ قومی ٹیم نے خود کو دنیا کی بہتیرن ٹیم ثابت کیا ہے‘ شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم پاکستانی عوام کی مبارکباد کی مستحق ہے ۔

چیمپیئن ٹرافی فائنل جیتنے پر صدر مملکت منون حسین نے کہا کہ قومی ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے جس پر قومی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ‘ بھارت کو بھاری مارجن سے شکست دے کر چیمپیئن ٹرافی جیتنے پر چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ثاقب نثار ‘ چاروں وزرائے اعلیٰ گورنرز ‘ وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین تحریک انصاف نے بھی قومی ٹیم اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔

سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے چیمپین ٹرافی جیتنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ایک پیغام میں سابق صدر نے قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو شاباش اور مبارکباد دی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کا لمحہ ہے کہ قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت کی صورت میں قوم کو عید کا تحفہ دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی قومی کرکٹ ٹیم اور عوام کو چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی ہے اور فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو عمرہ کرانے کا اعلان کیا ہے‘ قومی ٹیم کے روایتی حریف بھارت کیخلاف چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل میچ جیتنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹیم ورک کو کوئی نہیں ہرا سکتا‘ بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر قومی ٹیم اور عوام مبارکباد کی مستحق ہے قومی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی فائنل جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دیا ہے‘ آرمی چیف نے قومی کرکٹ ٹیم کو اپنے خرچے پر عمرے پر بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے قومی کرکٹ ٹیم کو زبردست شاباش دی گئی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کو چیمپین شپ ٹرافی کے فائنل میں شکست فاش دے کر پاکستانی ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے پور ی ٹیم، کپتان سرفراز، فخر زمان اور محمد عامر کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوںپھر سے ثابت ہو گیاکہ پاکستانی جب بھی قومی جذبے سے کوئی کام کریں تو سرخرو ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ بہترین کھیل پیش کرنے پر تمام ٹیم میمبران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں:۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے قومی ٹیم کو چیمپینز ٹرافی فائینل جیتنے پر مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ قومی ٹیم نے کھیل کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کرکٹ چیمپین بننے پر پوری قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا ہماری ٹیم انشااللہ فائینل میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔،سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے پوری قوم کو چیمپئن ٹرافی جیتنے پر مبارکبادپیش کی ہے اور کہا ہے کہ سرفراز ایک بہترین کیپٹن کے طور پر سامنے ائے، کارکردگی قابل تحسین ہے۔ہمارے کھلاڑیوں نے انڈیا کو شکست دیکر ہمارے سروں کو فخر سے بلند کئے چیمپئن ٹرافی عید پر کرکٹ ٹیم کیطرف سے پورے قوم کیلئے بہترین تحفہ ہے