ْچیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کیساتھ گرین شرٹس نے انٹرنیشنل رینکنگ بھی 2 درجے بہتر کر لی

قومی ٹیم 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر آ گئی ،جنوبی افریقہ پہلے، آسٹریلیا دوسرے، بھارت تیسرے نمبر پر براجمان

اتوار 18 جون 2017 23:00

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر پاکستان نے نہ صرف چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ اپنی انٹرنیشنل رینکنگ بھی 2 درجے بہتر کر لی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ترین رینکنگ میں پاکستان عالمی رینکنگ میں 95 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں سے چھٹی پوزیشن پر آگیا ہے۔

قومی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی عالمی رینکنگ میں 8 ویں نمبر پر موجود سب سے کمزور ترین ٹیم تھی۔کرکٹ پنڈتوں کا بھی خیال تھا کہ پاکستان ٹیم گروپ اسٹیج سے بھی آگے نہیں بڑھ سکے گی اور بھارت کے خلاف پہلے میچ میں 124 رنز کی شکست کے بعد شائقین بھی خاصے مایوس دکھائی دئیے۔لیکن بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم نے بھرپور انداز میں کم بیک کیا اور پھر جنوبی افریقہ ، سری لنکا، انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کو باآسانی شکست دے کر فائنل کے لیے کولیفائی کیا جہاں پاکستانی شاہینوں نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں 180 رنز سے شکست دی۔

(جاری ہے)

فائنل میں فتح کے بعد پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں 95 پوئنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے جب کہ جنوبی افریقہ 119 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 117 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارت 116 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :