مخالفین کی پانامہ اور ڈان لیکس کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،مرتضی جاویدعباسی

خیبرپختونخوا کی حکومت صوبے میں صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات دینے میں ناکام ہو چکی، وزیر اعظم نے صوبے کے تین ہزارسے زائد مستحق خاندانوں کو صحت کارڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہی, سالوں سے تا ریکی میں ڈو بے پاکستان میں آج نئی معیشت کی بنیاد رکھی جا چکی ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا ایبٹ آباد میں تقریب سے خطاب جب یہ پروگرام شروع کیا تو تنقید اور حوصلہ شکنی کی گئی ، تین سال کی بھرپور محنت رنگ لے آئی اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ گئے ، سائرہ افضل تارڑ

پیر 19 جون 2017 13:31

مخالفین کی پانامہ اور ڈان لیکس کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،مرتضی ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاویدعباسی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت صوبے میں صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات دینے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ اس لئے وزیر اعظم نواز شریف نے صوبے میں 30521 مستحقین خاندانوں کو صحت کارڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے 14 سالوں سے تا ریکی میں ڈو بے پاکستان میں آج نئی معیشت کی بنیاد رکھی جا چکی ہے ۔

مخالفین کی پانامہ اور ڈان لیکس کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے 2018 میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا ۔ خیبرپختونخوا کے لوگ ملک کی ترقی اور صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کو دیکھ کر مسلم لیگ(ن) کو آئندہ الیکشن میں کامیاب کرائیں جبکہ دوسری جانب سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ جب یہ پروگرام شروع کیا تو تنقید اور حوصلہ شکنی کی گئی ، تین سال کی بھرپور محنت رنگ لے آئی اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے ایبٹ آباد میں وزیر اعظم ہیلتھ پروگرام کے تحت صحت کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ صحت اور تعلیم صوبے میں تنزلی کا شکار ہیں اس لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ خیبرپختونخوا کی مستحق عوام کو 30521 صحت کارڈ سے مستفید کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے کہ جس میں پاکستان کو معاشی میدان میں اتنی ترقی دی کہ ہمارے دشمن بھی آج ہماری تعریفیں کر رہے ہیں اور خطے کی بڑی طاقتیں ہمارے ساتھ سرمایہ دار بننے کے لئے تیار ہیں ۔ جاوید مرتضی عباسی نے کہا کہ آج پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک بن گیا ہے جن صنعتوں کو ماضی میں چھ سے ساتھ گھنٹے بجلی دی جاتی تھی آج انہی صنعتوں کو 24 گھنٹے بجلی مہیا کی جا رہی ہے ۔

2018 تک لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام دہشتگردی کی لہر میں بے پناہ قربانیاں دے چکی ہے لیکن آج ملک کے حالات بہتر ہونے کے تناظر میں خیبرپختونخوا کی عوام اگلے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دے کر کامیاب کرائے گی ۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سی پیک میں چترال اور ہزارہ ڈویژن کا روٹ شامل نہ کرنے کا کہا تھا لیکن نواز شریف نے ہزارہ کی عوام کو سی پیک سے محروم ہونے سے بچایا اور انہیں سی پیک کے حوالے میں شامل کیا ۔

مسلم لیگ(ن) انقلابی اقدامات کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے صوبے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی کیونکہ خیبرپختونخوا بھی ہمارا صوبہ ہے اور ہم نے یہاں پر کام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین پانامہ اور ڈان لیکس کا مسئلہ بنا کر سازشیں بنا رہے ہیں جو کہ کامیاب نہیں ہوں گی ۔ 9 سال سے مسلم لیگ(ن) کی پنجاب میں حکومت ہے لیکن وہاں پر کسی نے بھی آج تک ایک روپے کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کیا ۔

یہ مخالفین نواز شریف کے پاکستان کو معاشی ٹائیگر بننے کے خواب کو چکنا چور کرنا چاہتے ہیں جو کہ کبھی بھی پورا نہیں ہو گا۔ دریں اثناء وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ یہ پروگرام شروع کیا تو حوصلہ افزائی کی بجائے تنقید اور حوصلہ شکنی کا سامنا کرنا پڑا لیکن تین سال کی بھرپور محنت آخر رنگ لے آئی اور آج اس پروگرام کے ثمرات سے عوام مستفید ہونے لگے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ہمارا یہ پروگرام قومی سطح کا پروگرام تھا لیکن خیبر پختونخوا اور سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی اور عدم تعاون کے باعث ان صوبوں میں ایسے منصوبے شروع نہ ہوسکے انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے فروغ میں مریم نواز کا کردار کلیدی ہے عمران خان سمیت جو لوگ سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہیں وہ باہر نکل کر زمینی حقائق کا جائزہ لیں اور عوامی خدمت کویقینی بنانے کیلئے ہمارے ساتھ آئیں