لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والی1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ خوش آئند ہے، محمد زبیر

پیر 19 جون 2017 18:36

لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والی1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر قائم تجاوزات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والی1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ خوش آئند ہے ،اکتوبر میں اس حصہ کے کی تعمیر ہونے سے لیاری ایکسپریس وے منصوبہ مکمل ہوجائے گا ،ٹریک کے راستہ میں حائل تجاوزات کے باعث منصوبہ غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوا جس کی وجہ سے تاحال عوام کو منصوبہ کے بھرپور ثمرات حاصل نہ ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کے دورہ کے دوران شمالی ٹریک کے تعمیراتی کام کے معائنہ اور ایف ڈبلیو کی ٹیم کی بریفنگ میں کیا ۔ گورنر سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والی1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر ضلع وسطی اور ضلع غربی کی انتظامیہ کے تعاون سے قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے ، منصوبہ کی تکمیل میں تجاوزات غیر معمولی تاخیر کا سبب بنی ، منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے شمالی حصہ کی تکمیل سے شہریوں کو آمدو رفت کی بہترین سہولیات فراہم ہوں گی جبکہ شہر سے ٹریفک جام کے خاتمہ اور ٹریفک کے بہائو میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو متبادل راستہ دستیاب ہو گا بلکہ ان کے وقت اور ایندھن کی بچت بھی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن ،لیاری ایکسپریس وے اور ایم نائن کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت کی جدید ترین سہولیات فراہم ہوں گی ۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے اس ضمن میں وزیر اعظم جلد کراچی کے لئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے،وفاقی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے نے منصوبہ کی تکمیل کے لئے بہترین مہارت کا مظاہرہ کیا ہے،کے فور اور لیاری ایکسپریس وے میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں پارٹنرہیں،کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہیکیونکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی ملکی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :