ہیلپرآئی ہسپتال کوئٹہ میں روزانہ 6سے 7سو مریضوں کااو پی ڈی میں معائنہ اور مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ، میررحمت صالح بلوچ

جلد ہی ہیلپرآئی ہسپتال میں گریجویشن کی کلاسیں شروع کی جائیں گی،وزیر صحت بلوچستان

پیر 19 جون 2017 18:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) صوبائی وزیرصحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کوعلاج معالجے کی بنیادی سہولیات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیلپرآئی ہسپتال کوئٹہ میں افغانستان ،ایران اورپاکستان سے تعلق رکھنے والے روزانہ 6سے 7سو مریضوں کااو پی ڈی میں معائنہ اور انہیں مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جلد ہی ہیلپرآئی ہسپتال میں گریجویشن کی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔

یہ بات انہوں نے پیر کو ہیلپر آئی ہسپتال میں ایف ایچ ایف کی جانب سے فراہم کی جانے والی جدید مشینری کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ،ڈاکٹر جاوید شاہ ،ایف ایچ ایف کے کنٹری منیجرفاروق اعوان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایچ او کوئٹہ ڈاکٹر شاہجہان ،ایم ایس ہیلپر ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر فضل بگٹی ،نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی،حاجی واحد شاہوانی ،علی احمد لانگو، فرزانہ رئیسانی ،عبدالقدوس شمبے زئی اوردیگر بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت میر رحمت بلوچ نے کہا کہ جب صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو محکمہ صحت اوردیگر ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے محکمہ صحت کے تمام پروگرام آخری سانسیں لے رہے تھے موجودہ حکومت نے تمام اداروں کو اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کیا اور محکمہ صحت کے تمام پروگراموں کو انکی ضرورت کے مطابق فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

میر رحمت بلوچ نے کہا کہ ہسپتالو ں کو جدید مشینری ،ادویات اوردیگرسازو سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے تاکہ لوگوں کو علاج معالجے کے لئے کراچی اوردوسرے صوبوں میں نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپرآئی ہسپتا ل بلوچستان کا واحد آئی ہسپتال ہے جہاں بلوچستان کے علاوہ افغانستان اور ایران سے آنے والے مریضوں کاعلاج معالجہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو ضرورت کے مطابق فنڈز اوردیگراشیاء کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہیومن ریسوس کی بہت کمی ہے بلوچستان میں ایک میڈیکل کالج تھاموجودہ حکومت نے صوبے میں مزید 3میڈیکل کالجزقائم کئے ہیں جن میں جلد ہی کلاسز شروع کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپر آئی ہسپتال میں جلد ہی دوبارہ پوسٹ گریجویشن کی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی و جمہوری حکومت کی مضبوط کمٹمنٹ کی بدولت آج غیر ملکی ڈونر خود بلوچستان کا رخ کر رہے ہیں اس سے قبل صوبے میں امن امان کی خراب صورتحا ل کے باعث غیرملکی ڈونر یہاں آنے سے ڈرتے تھے۔ انہوں نے ایف ایچ ایف کی جانب سے ہسپتال کو جدید مشینری کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت فاؤنڈیشن کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔

سیکرٹری صحت ڈاکٹر عصمت اللہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنے محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہسپتالوں کے تمام مسائل حل کئے جائیں ہمارے درازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں اگرکوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو ایم ایس ہمارے پاس آئیں انشاء اللہ انکے مسائل حل کرینگے۔ ایف ایچ ایف کے کنٹری منیجر فاروق اعوان اور ڈاکٹر جاوید شاہ نے ہسپتال میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور اپنے آئندہ کے پروگرام کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ ،سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ،فاروق اعوان ،ڈاکٹر جاوید شاہ اوردیگر نے نئی مشینری کا فیتہ کاٹ کرافتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :