صوبہ میں کالجز کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں، فیصلہ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے، پروفیسر قاضی ظفر اقبال

پیر 19 جون 2017 18:49

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) خیبر پختونخوا پروفیسر اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (کے پی پی ایل ای) کے جنرل سیکرٹری پروفیسر قاضی ظفر اقبال نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کالجز کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں، اس غیر منصفانہ اور عوام کش فیصلہ کے خلاف صوبہ بھر کے پروفیسر اور لیکچررز سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان کی نعشوں سے گذر کر کے ہی نجکاری کا غیر منصفانہ اور ظالمانہ اقدام کر سکتی ہے بصورت دیگر تن من دھن سب کچھ قربان کر کے بھی خیبر پختونخوا کے سرکاری کالجز کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے اس لئے حکومت اس ظالمانہ اور عوام کش فیصلے سے باز رہے، اگر حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو نتائج کی تمام تر ذمہ داری ذمہ دار حکام اور صوبائی حکومت پر عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

پروفیسر قاضی ظفر اقبال نے کہا کہ سرکاری کالجز کی نجکاری کسی صورت بھی غریب عوام اور ان کے بچوں کے مفاد میں نہیں، نجی تعلیمی اداروں اور کالجز کی فیسیں پہلے ہی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، اس صورتحال میں سرکاری کالجز ہی لاکھوں طلباء کو ان کی دہلیز پر معیاری اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے جن کی نجکاری غریب بالخصوص نوجوان نسل کے ساتھ بہت بڑے ظلم کے مترادف ہے۔

متعلقہ عنوان :