سیدامجد حسین تحریک پاکستان کے مجاہد تھے،چودھری شجاعت حسین/ پرویزالٰہی

مرحوم پاکستان کی چلتی پھرتی تاریخ تھے، علامہ اقبال کی ہدایت پر خود کو قائداعظم کے ساتھ تحریک پاکستان کیلئے وقف کر دیا

پیر 19 جون 2017 23:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر مشاہد حسین سید، سید مواحد شاہ اور سید مجاہد حسین کے والد سید امجد حسین کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحریک پاکستان کے مجاہد تھے، ان کو پاکستان، قائداعظم اور علامہ اقبال سے عشق کی حد تک لگائو تھا، ان کے انتقال سے پاکستان ایک نہایت محب وطن اور سچے پاکستانی سے محروم ہو گیا۔

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی گزشتہ رات مرحوم کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی تعزیت کیلئے مشاہد حسین سید کی رہائش گاہ پر پہنچے ۔

(جاری ہے)

مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے۔ اس موقع پر چودھری جاویدالٰہی اور شافع حسین بھی موجود تھے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ سید امجد حسین تحریک پاکستان کی چلتی پھرتی تاریخ تھے، وہ طالب علمی کے زمانے میں ہی تحریک پاکستان سے وابستہ ہوگئے تھے، علامہ اقبال کی ہدایت پر انہوں نے قائداعظم سے ملاقات کی اور اپنے آپ کو تحریک پاکستان کیلئے وقف کر دیا۔

سید امجد حسین 1937ء قائداعظم کی طرف سے خصوصی دعوت پر مسلم لیگ کے لکھنؤ اجلاس میں بطور طالب علم رہنما شریک ہوئے اور 1940ء میں لاہور منٹو پارک میں ہونے والے تاریخی اجلاس میں بھی شریک تھے جس میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی۔