اسرائیل نے محصورین غزہ کی بجلی فراہمی کی مقدارکم کردی

منگل 20 جون 2017 11:22

اسرائیل نے محصورین غزہ کی بجلی فراہمی کی مقدارکم کردی
غزہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کو فراہم کی جانے والی بجلی کی مقدار کم کردی ۔العربیہ ٹی وی کے مطابق اسرائیلی الیکٹرک سپلائی کمپنی اور غزہ میں پاور اتھارٹی نے اسرائیلی حکومت کے اس اقدام کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ غزہ کو فراہم کی جانے والی بجلی میں 8 میگاواٹ کی کمی کردی گئی ہے۔

فلسطینی پاور اتھارٹی نے غزہ کی پٹی میں بجلی کی فراہمی میں کمی کے اسرائیلی فیصلے پر خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ پہلے سے توانائی کے بحران کے شکار علاقے کو بجلی کی سپلائی روکنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے غزہ کی بجلی کم کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک اقدام قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

فلسطینی اتھارٹی نے بجلی کی کمی کے منفی نتائج کی ذمہ داری اسرائیل اور اس کا سبب بننے والے دوسرے عناصر پر عائد کی ہے۔

ادھر اسرائیلی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کے بعد اس نے غزہ کو بجلی کی سپلائی کم کردی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کو بجلی سپلائی کے لیے بنائی گئی 10 میں سے دو لائنوں میں بجلی کی مقدار کم کرے گی، تاہم منصوبے کے مطابق اگلے مراحل میں ان دس لائنوں سے بھی بجلی کی مقدار بہ تدریج کم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :