مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی جعلی ڈگری پر نااہل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 جون 2017 12:21

مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی جعلی ڈگری پر نااہل
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جون ۔2017ء) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی کو جعلی ڈگری پر نااہل قراردے دیا ہے۔ 2013 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 4 گوجرخان سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی کو بی اے کی جعلی ڈگری پر نااہل قرار دینے کے لیے ان کے مخالف امیدوار افتخار کیانی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنرکی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شوکت عزیز بھٹی کو جعلی ڈگری پر نااہل قراردے دیا۔ جعلی ڈگری کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے 2013 میں شوکت عزیز بھٹی کے خلاف مقدمہ درج کراتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کردی تھی، جس کے خلاف انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ لاہورہائی کورٹ نے ان کی رکنیت صوبائی اسمبلی بحال کرنے کا حکم دیا تو ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔