آسٹریلوی کرکٹرز کا معاوضوں کا تنازعہ حل نہ ہوسکا

منگل 20 جون 2017 13:38

آسٹریلوی کرکٹرز کا معاوضوں کا تنازعہ حل نہ ہوسکا
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2017ء) معاوضوں کے تنازع پر آسٹریلوی کرکٹرز نے دورہ بنگلادیش کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔آسٹریلوی کرکٹرز کے بورڈ کے ساتھ موجودہ معاہدوں کی مدت میں بس اب 10 دن باقی رہ گئے ہیں، رواں ماہ کے اختتام کے بعد کھلاڑی معاہدوں کی پابندی سے آزاد ہوجائیں گے کیونکہ نئے معاہدوں کیلیے بورڈ اور کرکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاملات حل ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں۔

ادھر کرکٹ آسٹریلیا بضد ہے کہ وہ ریونیو میں سے کھلاڑیوں کو حصہ نہیں دے گا بلکہ ٹاپ پلیئرز کو صرف فکس معاوضہ ملے گا جبکہ کھلاڑیوں کا اصرار ہے کہ وہ ریونیو میں سے حصے کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہونگے۔ کرکٹرز ایسوسی ایشن پہلے ہی لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریونیو میں پہلے ملنے والے 26 فیصد حصے کے بجائے 22.5 فیصد شیئر کی تجویز دے چکے ہیں تاکہ باقی رقم گراس روٹ لیول پر خرچ کی جائے۔

(جاری ہے)

وارنر کہتے ہیں کہ ہم اپنے ریونیو میں سے حصے میں کمی پر تیار ہوچکے ہیں مگر ہم ریونیو شیئرنگ ماڈل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم برابری کی بنیاد پر معاوضہ چاہتے ہیں۔ جس میں ڈومیسٹک اور خواتین پلیئرز کا مناسب حصہ ہو، ہمیں بورڈ نے کنٹریکٹس کی پیشکش کی جسے ہم رد کرچکے ہیں کیونکہ چند ٹاپ پلیئرز کو زیادہ معاوضہ دے کر دوسروں کی حق تلفی کے ہم خلاف ہیں۔

وارنر نے خبردار کیا کہ اگر جلد یہ معاملہ حل نہیں ہوا تو پھر کھلاڑی بنگلہ دیش کے دورے کا بائیکاٹ بھی کرسکتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میں اور دوسرے کھلاڑی آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنا چاہتے ہیں لیکن جوکچھ ہم حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیںاگر وہ ہمیں نہیں ملتا تو پھر ہم بنگلادیش کے ٹور پر نہیں جائیں گے، اگر ایم او یو طے نہیں پاتا تو پھر ہم ایشز کھیلنے سے بھی انکار کرسکتے ہیں، ویسے بھی رواں ماہ کے آخر پر ہمارے کنٹریکٹس ختم ہوجائیں گے، اس کے بعد ہم اپنے فیصلوں کیلیے آزاد ہونگے۔

متعلقہ عنوان :