مسلم لیگ کی تنظیم نو کرکے فعال کارکنوںکو آگے لایا جائے ‘چوہدری ظہیرالدین

منگل 20 جون 2017 16:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری وسابق اپوزیشن لیڈر پنجا ب اسمبلی چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے قائدین کی ہدایات پر مسلم لیگ کو یونین کونسل کی سطح پر منظم اور فعال بنایا جائے اور مسلم لیگ کی تنظیم نوکرکے فعا ل اور متحرک کارکنوں کو آگے لایا جائے ،مضبوط اور مستحکم مسلم لیگ ہی استحکام پاکستان کی ضامن ہے ،پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کی وارث جماعت ہے اس لیے ہم اس پلیٹ فارم سے عوام کی بہتر خدمت کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ لاہور کی جانب سے دی گئی ایمبسیڈر ہوٹل میں افطار ڈنر پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

۔چوہدری ظہیرالدین خاں نے قائداعظم کی وارث جماعت ہونے کی حیثیت پر ہم پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کو نوجوان نسل تک پہنچائیں اور انہیں قیام پاکستان کے حقیقی مقصد سے روشناس کروائیںاور پارٹی کو فعال بنائیں اور اپنی ہر سطح پر تنظیمیں مکمل کریں ۔

(جاری ہے)

مزید براں انہوںنے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف شاندار فتح پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف شاندار تاریخی فتح نے قوم کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں ۔

اور اس فتح نے بھارت کا سر نیچاکردیا ہے۔جس پر پوری کرکٹ ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔افطار پارٹی میں مسلم لیگ لاہور کے چیف آرگنائزر سابق ایم این اے میاں منیراور لاہور کے راہنما رانا محمد حنیف نے بھی شرکت کی۔