اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کوبجلی کی فراہمی کم کردی

منگل 20 جون 2017 16:01

اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کوبجلی کی فراہمی ..
غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کو فراہم کی جانے والی بجلی کی مقدار کم کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی الیکٹرک سپلائی کمپنی اور غزہ میں پاور اتھارٹی نے تل ابیب حکومت کے اس اقدام کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ آج سے غزہ کو فراہم کی جانے والی بجلی میں 8 میگاواٹ کمی کی فلسطینی پاور اتھارٹی نے غزہ کی پٹی میں بجلی کی فراہمی میں کمی کے اسرائیلی فیصلے پر خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ پہلے سے توانائی کے بحران کے شکار علاقے کو بجلی کی سپلائی روکنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

ادھر فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے غزہ کی بجلی کم کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک اقدام قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

فلسطینی اتھارٹی نے بجلی کی کمی کے منفی نتائج کی ذمہ داری اسرائیل اور اس کا سبب بننے والے دوسرے عناصر پر عاید کی ہے۔ادھر اسرائیلی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کے بعد اس نے غزہ کو بجلی کی سپلائی کم کردی ہے۔

گذشتہ ہفتے اسرائیلی حکومت نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کو یومیہ تین سے چار گھنٹے کے بجائے صرف 45 منٹ بجلی فراہم کرنے کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کو بجلی سپلائی کے لیے بنائی گئی 10 میں سے دو لائنوں میں بجلی کی مقدار کم کرے گی، تاہم منصوبے کے مطابق اگلے مراحل میں ان دس لائنوں سے بھی بجلی کی مقدار بہ تدریج کم کی جائے گی۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں بجلی کا بحران نیا نہیں تاہم اس کے کئی ایک اسباب ہیں۔ مقامی سطح پر بجلی کی پیداوار کی صلاحیت کا فقدان بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ غزہ میں واحد بجلی گھر کو اسرائیل سابقہ جنگ میں بمباری کرکے تباہ کرچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :