عراق اور شام میں داعش کے زیرِ استعمال بموں اور بارودی سامان کے اہم اجزا کا دوسرا بڑا ماخذ بھارت نکلا

داعش کل 51 کمپنیوں کا اسلحہ و گولہ بارود استعمال کررہی ہے جو 20 مختلف ممالک سے تعلق رکھتی ہیں ،ْ تحقیقاتی رپورٹ

منگل 20 جون 2017 16:14

عراق اور شام میں داعش کے زیرِ استعمال بموں اور بارودی سامان کے اہم اجزا ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) ایک تحقیقی رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کے زیرِ استعمال بموں اور بارودی سامان کے اہم اجزا کا دوسرا بڑا ماخذ بھارت ہے۔لندن میں ’’کنفلکٹ آرمامنٹ ریسرچ‘‘ نامی ادارے کے مطابق شام اور عراق میں داعش جو بم اور دھماکہ خیز مواد استعمال کررہی ہے اس کی تاریں، سیفٹی فیوز، ڈیٹونیٹرز اور دیگر سامان بھارتی کمپنیوں کے تیارکردہ ہیں۔

واضح رہے کہ یہ تنظیم دنیا بھر میں جاری فوجی ہتھیاروں کی سپلائی اور ان کے ذمہ دار ممالک پر نظر رکھتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ داعش کل 51 کمپنیوں کا اسلحہ و گولہ بارود استعمال کررہی ہے جو 20 مختلف ممالک سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ ان میں روس، امریکہ، برازیل، ایران، بیلجیئم، ہالینڈ اور جاپان بھی ہیں لیکن بھارتی ادارے دوسرے بڑے سپلائر ہیںان میں سرفہرست ترکی ہے اور ترکی میں تیارکردہ 700 اقسام کا اسلحہ اور اشیائے حرب میدانِ جنگ سے برآمد کی گئی ہیں ان میں ترک کمپنیوں کی تعداد 13 اور بھارتی کمپنیوں کی تعداد 7 ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی اداروں نے ’’قانونی طور پر لائسنس کے تحت لبنان اور ترکی کو ہتھیار اوردیگر عسکری سامان برآمد کیا ہے‘‘ بھارتی وزارتِ دفاع نے اس پر تبصرے سے انکار کردیا ہے تاہم کنفلکٹ آرمامینٹ ریسرچ کے مطابق اب تک اس کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں کہ بھارتی کمپنیوں نے براہِ راست داعش کو یہ اشیا فراہم کی ہوں اس کے علاوہ عراق اور ترکی کان کنی اور زراعت کے بھی کئی آلات برآمد کررہے ہیں جن کے ذیلی آلات مثلاً ڈیٹونیٹر تار وغیرہ کو بہت آسانی سے تبدیل کرکے تخریب کاری اور جنگوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔