علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اولین سٹارٹ اپس کیریئر ایکسپو کا انعقاد کریگی

ایکسپو کا مقصدمستقبل کے کیریئر کی تعمیر کیلئے گریجویٹ طلباء کو پلیٹ فارم مہیا کرناہے ، تقریب سے طلباء کو جاب مارکیٹ اور صنعت کیساتھ براہ راست رابطے کاموقع فراہم ہو گا ، وائس چانسلر شاہد صدیقی کا اجلاس سے خطاب

منگل 20 جون 2017 16:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) گریجویٹ طلباء کو اپنے پراجیکٹوں کی نمائش، کاروبار شروع کرنے اور اپنے مستقبل کا کیریئر بنانے کیلئے پلیٹ فارم کی فراہمی کیلئے جلد ہی یہاں اپنی نوعیت کی پہلی قومی سطح کی ’’ پراجیکٹس سٹارٹس ۔ اپ اور کیریئر ایکسپو ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا ۔اس تین جہتی تقریب کا انعقاد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (اے آئی او یو ) کررہی ہے تا کہ طلباء کو روزگار کے حصول یا خود اپنا کاروبار شروع کرنے میں طلباء کی مدد کی جا سکے منگل کو یہاں منعقدہ تقریب کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اے آئی او یو جدید خیالات کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے طلباء اور صنعتی شعبوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا ، تحقیق ،جدت پسندی اور کمرشلائزیشن (او آر آئی سی ) کاایک دفتر پہلے کی یونیورسٹی میں قائم کیا جا چکا ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں میں نئی تحقیق اور ایجادات کی تشہیر اور فائدہ اٹھانے کیلئے ریسرچرز اور صنعتوں کے درمیان رابطہ فراہم کرنا ہے ، اس سرگرمی کے ذریعے اے آئی او یو طلبا ء کو روزگار کی مارکیٹ اور صنعت کے علاوہ کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ براہ راست رابطہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا ۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے نظریہ اور وسیع تر مقاصد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ تحقیقی کام اور نئی ایجاد کی بنیاد پر خود اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے گریجوٹوں کیلئے ممد ومعاون ثابت ہونا چاہتے ہیں ، ہمار ے برادر ملک چین نے اپنے نوجوانوں کی قوت کے استفادہ کرنے ، انفرادی اور قومی سطح پر بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے اس ضمن میں بہترین مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ چند مہینوں میں اس کثیر الشعبہ جاتی ایونٹ کے انعقاد کا ارادہ رکھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ نہ صرف اے آئی او یو بلکہ دوسری یونیورسٹیوں کے طلباء بھی حصہ لیں گے،اجلاس میں کہا گیا کہ ملک بھر کے گریجویٹ طلباء کو بیروزگاری کے مسئلے کا سامنا کرنے کے علاوہ ملکی معیشت پر بوجھ بھرنا پڑتا ہے اور یہ محسوس کیا گیا کہ یونیورسٹی کو اس چینل کا احساس کرنا چاہئے او ر اس خلا کو پر کرنے کے لئے صنعت اور کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ قریبی تعاون کے ساتھ مل جل کر کام کرنا چاہئے، پبلک سیکٹر میںمیگایونیورسٹی ہونے کے پیش نظر اے آئی او یو کی خواہش ہے کہ کیریئر سازی میں وہ طلبا ء کی مدد کرنے کی اپنی ذمہ داری نبھائے ، گذشتہ ڈھائی سال میں اے آئی اویو تحقیقی جرائد شائع کر کے اور قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد کے ذریعے سمیت مختلف ذرائع کے ذریعے ملک میں تحقیقی کلچر کو فروغ دینے پر توجہ مبذول کئے ہوئے ہے ، قلیل وقت میں 11تحقیقی جرائد شائع کئے گئے اور 20کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا ، پراجیکٹ ایکسپو کے معاملے میں یونیورسٹی اپنی تحقیق کی بنیاد پر مبنی منصوبوں کی نمائش کیلئے طلباء کو جگہ اور مطلوبہ بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گی ، یونیورسٹی اپنی ضروریات اور مسائل کو سمجھنے کیلئے صنعتی اور کارپوریٹ سکیٹر کو مدعو کرے گا اور تعلیمی سطح پر بامقصد اپلائیڈ ریسرچ شروع کرنے کی راہ ہموار کرے گا ، کاروبار شروع کرنے کے نظریے کے بارے میں ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اس سے طلباء کو روایتی جاب مارکیٹ کی تلاش سے پرے سوچنے اور نئے خیالات کا موقع فراہم ہو گا تاکہ و ہ حقیقی صنعت کار بن جائیں ۔

متعلقہ عنوان :