چیئرمین سینٹ نے آئی سی سی چیئمپینز ٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ہاوس مدعو کرلیا

ٹیم یادگار جمہوریت پر پھول چڑھانے کے علاوہ سینٹ کا اجلاس دیکھے گی اور استقبالیہ میں شرکت کرے گی

منگل 20 جون 2017 17:46

چیئرمین سینٹ نے آئی سی سی چیئمپینز ٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے آئی سی سی چیئمپینز ٹرافی کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ہاس مدعو کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے نام لکھے گئے خط میں چیئرمین سینٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کوبھارت کو ہرا کر چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دی اورکہا کہ سینیٹ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ہاس مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ایوان بالا کے آئندہ اجلاس میں جوکہ 10جولائی سے 21جولائی کو شیڈول ہے کے دوران مناسب تاریخ اور وقت کے مطابق پارلیمنٹ ہاس کا دورہ کرسکتی ہے۔ خط میں مجوزہ پروگرام کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم یادگار جمہوریت پر پھول چڑھانے کے علاوہ سینٹ کا اجلاس دیکھے گی اور سینٹ کی جانب سے استقبالیہ میں شرکت کرے گی ۔جس میں اراکان پارلیمنٹ ، سفرا اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔